بلوچستان میں امن، ترقی اور عوامی خوشحالی کے لیے وفاقی حکومت کا تعاون صوبائی حکومت کے لیے انتہائی اہم ہے، وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی

کوئٹہ /اسلام آباد(ویب ڈیسک) صدر مملکت آصف علی زرداری سے وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے ایوانِ صدر میں ملاقات کی، جس میں بلوچستان کی مجموعی سیاسی، انتظامی اور امن و امان کی صورتحال سمیت صوبے میں جاری ترقیاتی منصوبوں اور عوامی فلاح کے اقدامات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے صدر مملکت کو صوبے میں جاری ترقیاتی منصوبوں، عوامی فلاح و بہبود کے اقدامات اور امن و امان کی صورتحال سے آگاہ کیا۔ ملاقات میں بلوچستان کی ترقی، خوشحالی اور عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی کے لیے وفاق اور صوبے کے درمیان مؤثر رابطوں اور تعاون کو مزید مضبوط بنانے پر بھی زور دیا گیا صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا کہ بلوچستان میں پائیدار امن، ترقی اور عوامی فلاح کے لیے وفاقی اور صوبائی حکومتوں کے درمیان مؤثر روابط اور باہمی تعاون ناگزیر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ رقبے کے لحاظ سے پاکستان کے سب سے بڑے صوبے بلوچستان کو اس کی ضروریات اور استعداد کے مطابق خصوصی توجہ اور وسائل کی فراہمی یقینی بنانا ہوگی۔ صدر مملکت نے بلوچستان میں امن و ترقی کے لیے صوبائی حکومت کی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ وفاقی حکومت بلوچستان کی ترقی کے سفر میں صوبائی حکومت کے ساتھ ہر ممکن تعاون جاری رکھے گی وزیراعلیٰ میر سرفراز بگٹی نے صدر مملکت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ بلوچستان میں امن، ترقی اور عوامی خوشحالی کے لیے وفاقی حکومت کا تعاون صوبائی حکومت کے لیے انتہائی اہم ہے۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت امن کے قیام، ترقیاتی عمل میں تیزی، نوجوانوں کو مواقع کی فراہمی اور عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی کے لیے مربوط حکمت عملی کے تحت اقدامات کر رہی ہے وزیراعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ بلوچستان کی ترقی کو امن کے ساتھ جوڑ کر دیکھا جا رہا ہے اور صوبائی حکومت کا عزم ہے کہ عوام کو ترقی کے ثمرات ان کی دہلیز تک پہنچائے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت بلوچستان دہشت گردی کے خلاف جنگ میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ مکمل تعاون کرتے ہوئے عوام کے جان و مال کے تحفظ کو ہر صورت یقینی بنائے گی صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ بیرونی سرپرستی میں سرگرم دہشت گرد عناصر بلوچستان کی ترقی کے راستے میں رکاوٹ ڈالنے کی کوشش کر رہے ہیں، تاہم ان کی یہ کوششیں ہر قیمت پر ناکام بنائی جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ ریاستی ادارے اور عوام مل کر دہشت گردی کے خلاف جنگ کو منطقی انجام تک پہنچائیں گے صدر مملکت نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ دن دور نہیں جب بلوچستان سے دہشت گردی کا جڑ سے خاتمہ ہو جائے گا اور صوبہ امن، ترقی اور خوشحالی کی نئی منزلوں کی جانب گامزن ہوگا وزیراعلیٰ میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ بلوچستان کے عوام امن کے خواہاں ہیں اور صوبائی حکومت عوام کی اس خواہش کو عملی شکل دینے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف قوم اور ریاست کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی اور بلوچستان کو امن و ترقی کا مضبوط مرکز بنایا جائے گا ملاقات میں پاکستان پیپلز پارٹی خواتین ونگ کی صدر فریال تالپور اور بلوچستان کے سابق وزیر علی حسن زہری بھی موجود تھے۔ ملاقات کے دوران بلوچستان کی مجموعی صورتحال، امن و امان، ترقیاتی عمل اور عوامی فلاح کے امور پر مزید تبادلہ خیال کیا گیا۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *