ایل او سی پر تعینات پاک فوج کے جوانوں کااہل وطن کو آزادی کی مبارکباد دیتے ہوئے وطن سے وفا، قومی یکجہتی اور دفاعِ پاکستان کے عزم کا اعادہ

مظفرآباد( ویب ڈیسک)یومِ آزادی کے موقع پر لائن آف کنٹرول (ایل او سی)پر تعینات پاک فوج کے جوانوں نے اہل وطن کو آزادی کی مبارکباد دیتے ہوئے وطن سے وفا، قومی یکجہتی اور دفاعِ پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔تفصیلات کے مطابق جشن آزادی کے موقع پر ملک کی حفاظت کیلئے سرحدوں پر موجود پاک فوج کے جوانوں نے اہل وطن کو آزادی کی مبارکباد کا پیغام دیاہے۔پاک فوج کے جوانوں نے وطن کی سلامتی، دفاع اور شہداء کی قربانیوں کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے پاکستان کی حفاظت کے عزم کا اعادہ کیا۔یومِ آزادی کے موقع پر پاک فوج کے بہادر جوانوں نے کہا کہ14 اگست اس حقیقت کی مثال ہے کہ آزادی قربانی سے حاصل ہوتی ہے اور عزم و اتحاد سے محفوظ رہتی ہے،سبز ہلالی پرچم کی سربلندی شہداء کی لازوال قربانیوں کا ثمر ہے جسے پاک فوج دفاعِ وطن کے عزم سے ہمیشہ قائم رکھے گی۔انہوں نے کہاکہ پہاڑوں سے محاذوں تک پاک فوج وطن کی حفاظت کے عزم کو ہمیشہ مقدم رکھتی ہے،پاک فوج مقبوضہ کشمیر کی جدوجہد آزادی کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہوئے امت مسلمہ کی امیدوں کا محافظ بننے پر فخر کرتی ہے۔مکہ مشترکہ دفاعی معاہدہ باہمی اتحاد، اعتماد اور دفاعی عزم کو مزید مضبوط بنانے کی علامت ہے۔پاک فوج کے جوانوں نے یومِ آزادی کے پْرمسرت موقع پر وطن کی سلامتی اور دفاع کیلئے کسی بھی قربانی سے دریغ نہ کرنے کا عزم کیا۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *