کویت میں داعش کی اہم تنصیبات پر حملے کی سازش ناکامملزم نے بارود اور ڈرون طیارے بنانے سے متعلق تربیت حاصل کی تھی،تحقیقات

کویت سٹی (انٹرنیشنل ڈیسک/نیوز ایجنسیاں)کویت کے اسٹیٹ سکیورٹی ڈیپارٹمنٹ نے ملک کی ایک اہم تنصیب کو نشانہ بنانے کی ایک نئی دہشت گردانہ سازش کو ناکام بنا دیا ہے، کویت کی وزارت داخلہ کے مطابق دقیق سکیورٹی مانیٹرنگ اور فالو اپ کے بعد اپنے اس منصوبے پر عمل درآمد کرنے سے پہلے ہی داعش تنظیم میں شامل ایک شہری کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔تحقیقات سے انکشاف ہوا کہ ملزم نے بارود اور ڈرون طیارے بنانے سے متعلق تربیت حاصل کی تھی، اپنے دہشت گردانہ منصوبے پر عمل درآمد کرنے اور ایک اہم تنصیب کو نشانہ بنانے کی غرض سے ایک ڈرون طیارہ تیار کیا تھا جبکہ اس کے خلاف ضروری قانونی کارروائی کرتے ہوئے تفتیش مکمل کرنے اور قانون کے مطابق ضروری اقدامات کرنے کے لیے اسے متعلقہ ادارے کے حوالے کر دیا گیا ہے۔گذشتہ روز کویت کے اسٹیٹ سکیورٹی ڈیپارٹمنٹ نے داعش تنظیم سے وابستہ عناصر کے ساتھ رابطے اور ملک میں عبادت گاہوں کو نشانہ بنانے کے ارادے سے دھماکہ خیز مواد بنانے کی تربیت حاصل کرنے کے پس منظر میں دو نوجوانوں کو گرفتار کیا تھا۔اس سلسلے میں وزارت داخلہ نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ اس کے سکیورٹی ادارے ملک کی سکیورٹی اور استحکام کو خطرے میں ڈالنے والی کسی بھی سرگرمی یا منصوبے کا سراغ لگانے اور ان کا مقابلہ کرنے کے لیے اپنی پیشگی کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہیں۔ اس بات پر زور دیا کہ وہ وطن کے امن اور شہریوں اور مقیمین کی سلامتی کو نقصان پہنچانے کی جسارت کرنے والے ہر شخص کے ساتھ کوئی نرمی نہیں برتے گی اور قانون کے ضوابط کے مطابق کسی بھی مشکوک سرگرمی سے پوری سختی کے ساتھ نمٹے گی۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *