ہوٹل ایسوسی ایشن کے مسائل کو کسی ایک طبقے یا کاروباری گروہ کا مسئلہ سمجھنے کے بجائے بلوچستان کے عام اور غریب عوام کے روزگار اور معاشی مشکلات سے جوڑ کر دیکھا جائے،سینیٹر مولانا عبدالواسع

کوئٹہ(ویب ڈیسک)ہوٹل ایسوسی ایشن کے درپیش مسائل کے حل اور ان کے جائز مطالبات کے لیے جمعیت علماء اسلام بلوچستان کے صوبائی امیر سینیٹر مولانا عبدالواسع بڑے وفد کے ہمراہ کراچی روانہ ہوگئے، جہاں انہوں نے ہوٹل ایسوسی ایشن کے نمائندہ وفد سے اہم ملاقات کی۔ اس موقع پر ہوٹل ایسوسی ایشن کے ذمہ داران نے انہیں درپیش مسائل، مشکلات اور کاروباری سرگرمیوں میں حائل رکاوٹوں سے تفصیلی طور پر آگاہ کیا، جن پر صوبائی امیر نے وفد کے ہمراہ تفصیلی مشاورت کی اور مسائل کے حل کے لیے ہر ممکن تعاون اور بھرپور آواز اٹھانے کی یقین دہانی کرائی۔ ملاقات میں صوبائی اسمبلی کے اراکین اور صوبائی مجلس عاملہ کے اراکین بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔ مولانا عبدالواسع نے کہا کہ ہوٹل ایسوسی ایشن کے مسائل کو کسی ایک طبقے یا کاروباری گروہ کا مسئلہ سمجھنے کے بجائے بلوچستان کے عام اور غریب عوام کے روزگار اور معاشی مشکلات سے جوڑ کر دیکھا جائے، کیونکہ ان شعبوں سے وابستہ ہزاروں خاندان اپنے بچوں کے لیے دو وقت کی روٹی کا حلال ذریعہ معاش چلا رہے ہیں، انہیں بلاجواز تنگ کرنا یا ان کے کاروبار کو متاثر کرنا کسی صورت قابل قبول نہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس معاملے کو تمام متعلقہ حکومتی و ذمہ دار حلقوں کے سامنے مؤثر انداز میں اٹھایا جائے گا اور متعلقہ حکام سے ملاقاتیں کرکے مسئلے کے مستقل اور قابلِ قبول حل کی طرف پیش رفت کی جائے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ روزگار اور کاروبار کے جائز ذرائع میں غیر ضروری رکاوٹیں نہ صرف غریب عوام کو معاشی مشکلات سے دوچار کرتی ہیں بلکہ ایسے حساس معاملات کو بعض عناصر لسانی منافرت اور باہمی تفریق پھیلانے کے لیے بھی استعمال کرنے کی کوشش کرتے ہیں، جس کی کسی صورت اجازت نہیں دی جاسکتی۔ جمعیت علماء اسلام عوام کے جائز حقوق، روزگار اور معاشی تحفظ کے لیے ہر سطح پر آواز بلند کرے گی اور کسی بھی طبقے کو بلاجواز تنگ کرنے یا ان کے معاشی حقوق متاثر کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *