گوادر پورٹ کا دوسرا بنکرنگ آپریشن، بلوچستان اور پاکستان کی بحری معیشت کیلئے ایک تاریخی سنگِ میل، سینیٹر محمد عبدالقادر

کوئٹہ(این این آئی)چیئرمین قائمہ کمیٹی برائے دفاعی پیداوار سینیٹر محمد عبدالقادر نے کہا ہے کہ گوادر پورٹ کا دوسرا کمرشل بنکرنگ آپریشن کامیابی سے مکمل ہونا پاکستان کی بحری معیشت، علاقائی تجارت اور بلوچستان کی ترقی کے لیے ایک نہایت اہم پیش رفت ہے۔انہوں نے اپنے خصوصی بیان میں کہا کہ اس آپریشن کے دوران ایل این جی کیریئر “ایم وی ایکسیلیریٹ شینانڈوہ” کو تقریباً 1150 میٹرک ٹن کم سلفر فیول آئل (LSFO) فراہم کیا گیا، جبکہ تمام مراحل بین الاقوامی حفاظتی، ماحولیاتی اور آپریشنل معیارات کے مطابق مکمل کیے گئے۔ پاکستان کسٹمز اور دیگر متعلقہ اداروں کے تعاون سے اس کامیاب کارروائی نے گوادر پورٹ کی بڑھتی ہوئی پیشہ ورانہ صلاحیت اور استعداد کو مزید نمایاں کیا ہے۔سینیٹر محمد عبدالقادر نے کہا کہ گوادر پورٹ کی ترقی کئی مراحل پر مشتمل ہے۔ ابتدائی انفراسٹرکچر، سی پیک کے تحت توسیعی منصوبے، فری زون، مشرقی بے ایکسپریس وے، جدید تجارتی ٹرمینلز اور بین الاقوامی معیار کی بنکرنگ سروسز گوادر کو خطے کے ایک اہم میری ٹائم اور تجارتی مرکز میں تبدیل کر رہی ہیں۔انہوں نے کہا کہ اس پیش رفت سے عالمی شپنگ کمپنیاں گوادر کا رخ کریں گی، جس کے نتیجے میں پاکستان کی سمندری معیشت کو نئی وسعت ملے گی۔ بندرگاہی سرگرمیوں میں اضافے سے بلوچستان میں روزگار کے ہزاروں نئے مواقع پیدا ہوں گے، جبکہ ٹرانسپورٹ، لاجسٹکس، ماہی گیری، مقامی کاروبار اور صنعتی شعبوں کو بھی نمایاں فروغ حاصل ہوگا۔چیئرمین قائمہ کمیٹی برائے دفاعی پیداوار نے مزید کہا کہ گوادر پورٹ کی ترقی سے نہ صرف سرمایہ کاری اور بنیادی ڈھانچے کی تعمیر کی رفتار تیز ہوگی بلکہ حکومتی آمدنی میں اضافہ، برآمدات و درآمدات میں سہولت اور پاکستان کے جغرافیائی محلِ وقوع سے بھرپور معاشی فوائد حاصل کرنے کے امکانات بھی مزید روشن ہوں گے۔انہوں نے کہا کہ مسلسل کامیاب بنکرنگ آپریشنز اس بات کا ثبوت ہیں کہ گوادر پورٹ محض ایک بندرگاہ نہیں بلکہ پاکستان کی مستقبل کی بحری، تجارتی اور اقتصادی حکمت عملی کا مرکزی ستون بنتا جا رہا ہے۔ اگر ترقیاتی منصوبوں کا یہی تسلسل برقرار رہا تو گوادر نہ صرف بلوچستان کی معاشی تقدیر بدل دے گا بلکہ پورے خطے میں تجارت، سرمایہ کاری اور میری ٹائم خدمات کا نمایاں مرکز بننے کی بھرپور صلاحیت رکھتا ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *