گوادر میں معیاری تعلیم، طلباء  و طالبات کی باقاعدہ حاضری اور تعلیمی اداروں کو درکار سہولیات کی فراہمی اولین ترجیحات میں شامل ہے،رکنِ صوبائی اسمبلی مولانا ہدایت الرحمان بلوچ

گوادر(ویب ڈیسک)رکنِ صوبائی اسمبلی مولانا ہدایت الرحمان بلوچ نے گوادر یونیورسٹی، گورنمنٹ بوائز ڈگری کالج اور گورنمنٹ گرلز ڈگری کالج کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے تعلیمی سرگرمیوں، طلبہ و طالبات کی حاضری، تدریسی امور اور اداروں کو درپیش مسائل کا جائزہ لیا۔گوادر یونیورسٹی میں وائس چانسلر عبدالرزاق صابر، پروفیسر منظور اور دیگر ذمہ داران سے ملاقات کے دوران یونیورسٹی کی تعلیمی و انتظامی صورتحال اور طلبہ کو درپیش مسائل پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ وائس چانسلر نے یونیورسٹی کے لیے بس سمیت دیگر ضروریات سے آگاہ کیا۔ مولانا ہدایت الرحمان بلوچ نے یقین دہانی کرائی کہ یونیورسٹی کی ضروریات کے حل کے لیے گورنر بلوچستان اور وزیراعلیٰ بلوچستان سے ملاقات کرکے بھرپور کوشش کی جائے گی۔بعد ازاں انہوں نے بوائز و گرلز ڈگری کالجز کا دورہ کیا اور کلاس رومز میں طلباء  و طالبات کی حاضری، تدریسی سرگرمیوں اور اسٹاف کی حاضری کا جائزہ لیا۔ بوائز کالج میں طلبہ کی بہتر حاضری کو سراہتے ہوئے انہوں نے غیر حاضر طلبہ کو دوبارہ تعلیمی سرگرمیوں میں شامل کرنے پر زور دیا، جبکہ گرلز کالج میں تعلیمی کارکردگی اور انتظامی امور پر اطمینان کا اظہار کیا رکن صوبائی اسمبلی نے صوبائی وزیر تعلیم راحیلہ حمید درانی سے رابطہ کرکے گرلز ڈگری کالج کی کارکردگی اور تعلیمی ضروریات سے آگاہ کیا۔ اس موقع پر کالج کی جانب سے پہلی مرتبہ شائع کیے گئے میگزین کی کاپی بھی انہیں پیش کی گئی۔مولانا ہدایت الرحمان بلوچ نے کہا کہ گوادر میں معیاری تعلیم، طلباء  و طالبات کی باقاعدہ حاضری اور تعلیمی اداروں کو درکار سہولیات کی فراہمی اولین ترجیحات میں شامل ہے اور اس مقصد کے لیے ہر ممکن سطح پر آواز اٹھائی جائے گی۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *