گوادر،کشتیوں کیلئے پختہ پلیٹ فارم، جی ڈی اے نے ٹینڈر منظور کرلیا

گوادر(ویب ڈیسک)گوادر ڈویلپمنٹ اتھارٹی (جی ڈی اے)نے ماہی گیروں کی کشتیوں کے لیے پختہ پلیٹ فارم کی تعمیر کے ٹینڈر کی منظوری دے دی، جس کے بعد جلد تعمیراتی کام شروع ہونے کی راہ ہموار ہوگئی ہے۔گوادر پرو کے مطابق اس سلسلے میں گوادر کے رکنِ صوبائی اسمبلی مولانا ہدایت الرحمن بلوچ کی کوششوں کو اہم قرار دیا گیا ہے۔ٹینڈر کے عمل میں چھ سے زائد مقامی اور قومی کمپنیوں نے حصہ لیا۔ یہ عمل 15 اگست سے ایک ماہ تک جاری رہا۔ ٹینڈر کے تحت کمپنیوں سے پیشہ ورانہ اہلیت اور متعلقہ اسناد طلب کی گئی تھیں، جبکہ انہیں مجاز اتھارٹی کی جانب سے مقرر کردہ پری کوالیفکیشن کے معیار پر پورا اترنا بھی ضروری تھا۔بلوچستان سے تعلق رکھنے والی مقامی کمپنی ایچ ایم فرم نے مقررہ معیار اور ضوابط پر پورا اترتے ہوئے ٹینڈر حاصل کر لیا۔رپورٹ کے مطابق منصوبہ ماہی گیروں کو کشتیوں کی ملکیت اور انہیں مناسب مقام پر رکھنے کے حوالے سے درپیش مشکلات کے حل میں اہم پیش رفت ثابت ہوگا۔ دوسری جانب قرعہ اندازی کے ذریعے 32 ماہی گیروں میں گرین فائبر کشتیوں سے متعلق دستاویزات تقسیم کی گئیں۔اس اسکیم کے تحت گوادر شہر سے 20، سربندر سے 6 اور پشکان سے 6 ماہی گیروں کو قرعہ اندازی کے ذریعے مستحق قرار دیا گیا۔رپورٹ کے مطابق یہ اقدام وزیراعلی بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی ماہی گیری کے شعبے کو مضبوط بنانے اور ماہی گیری سے وابستہ افراد کے لیے معاشی مواقع بہتر کرنے کی پالیسی کا عکاس ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *