گزشتہ ماہ جولائی میں ملک میں معمول سے کم بارش ریکارڈ

اسلام آباد (این این آئی)رواں سال جولائی کے دوران ملک بھر میں معمول سے 11فیصد کم بارش ریکارڈ ہوئی جبکہ معمول سے زیادہ گرم مہینہ ثابت ہوا۔محکمہ موسمیات کی جانب سے گزشتہ ماہ جولائی کے دوران ملک میں ہونے والی بارشوں اور درجہ حرارت کے جاری اعلامئے کے مطابق جولائی کے دوران اوسط بارش 54.4 ملی میٹر ریکارڈ ہوئی۔سندھ میں جولائی کے دوران معمول سے 61فیصد اور بلوچستان میں بارشیں معمول سے 41فیصد کم رہیں جبکہ خیبر پختونخوا اور آزاد کشمیر میں بارشیں تقریبا معمول کے مطابق رہیں۔گلگت بلتستان میں معمول سے 108فیصد زیادہ بارش ریکارڈ ہوئی جبکہ پنجاب میں بھی جولائی کے دوران بارش معمول سے 13فیصد زیادہ رہی۔پاکستان کا اوسط درجہ حرارت معمول سے 0.7ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ ریکارڈ ہوا۔ بلوچستان میں اوسط درجہ حرارت معمول سے 1ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ رہا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق پنجاب، خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں بھی درجہ حرارت معمول سے زیادہ ریکارڈ ہوا۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *