کوہاٹ مسجد میں نمازِ جمعہ کے دوران خوفناک خودکش حملہ انتہائی افسوسناک، قابلِ مذمت اور ناقابلِ معافی ہے، سینیٹر محمد عبدالقادر

کوئٹہ (ویب ڈیسک) چیئرمین قائمہ کمیٹی برائے دفاعی پیداوار سینیٹر محمد عبدالقادر نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ خیبرپختونخوا ایک مرتبہ پھر دہشت گردی کے سنگین وار کی زد میں آگیا ہے۔ کوہاٹ اولڈ پولیس لائنز کی مسجد میں نمازِ جمعہ کے دوران ہونے والا خوفناک خودکش حملہ انتہائی افسوسناک، قابلِ مذمت اور ناقابلِ معافی جرم ہے۔انہوں نے کہا کہ مسلمانوں اور ان کی مساجد کو نشانہ بنانا اسلام کے بنیادی احکامات اور تعلیمات کی کھلی خلاف ورزی ہے۔ کوئی سچا مسلمان اللہ کے گھر پر حملہ کرکے نماز ادا کرنے والے بے گناہ مسلمانوں کو شہید نہیں کرسکتا۔ مساجد عبادت، امن اور اللہ تعالیٰ کے ذکر کے مقدس مقامات ہیں۔ مسجد میں نمازِ جمعہ کے دوران معصوم نمازیوں کو سفاکانہ انداز میں نشانہ بنانے والے عناصر مسلمان تو درکنار، انسان کہلوانے کے بھی مستحق نہیں۔سینیٹر محمد عبدالقادر نے کہا کہ اسلام عبادت گاہوں، انسانی جان اور بے گناہ شہریوں کے تحفظ کا درس دیتا ہے۔ دہشت گردوں کا مسلمانوں اور مسجدوں پر حملہ کرنا اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ ان کا دین، مذہب اور انسانیت سے کوئی تعلق نہیں۔ ایسے عناصر کو اسلام اور مسلمانوں کا نام استعمال کرنے کی ہرگز اجازت نہیں دی جا سکتی۔انہوں نے مزید کہا کہ حکومت کو محض مذمت تک محدود رہنے کے بجائے حملے کے سہولت کاروں، مالی معاونین، منصوبہ سازوں اور پورے دہشت گرد نیٹ ورک تک پہنچنا ہوگا۔ پولیس لائنز، مساجد اور دیگر حساس مقامات کی سکیورٹی مزید مؤثر بنانے، انٹیلی جنس نظام مضبوط کرنے اور دہشت گردی کے مقدمات کو شفاف قانونی کارروائی کے ذریعے تیزی سے منطقی انجام تک پہنچانے کی ضرورت ہیچیئرمین قائمہ کمیٹی برائے دفاعی پیداوار نے کہا کہ کوہاٹ کا یہ المناک سانحہ ایک مرتبہ پھر یاد دلاتا ہے کہ خیبرپختونخوا اور بلوچستان کے عوام، پولیس اور سکیورٹی فورسز دہشت گردی کے خلاف جنگ میں مسلسل بھاری قربانیاں دے رہے ہیں۔ حکومت دہشت گردوں اور ان کے معاون نیٹ ورکس کے مکمل خاتمے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے، کیونکہ دہشت گردی کے صفائے کے بغیر ملک میں پائیدار امن کا قیام اور ترقی کا سفر جاری رکھنا دشوار ہوگا۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *