کوئٹہ جرگہ تاریخی اور جنوبی پشتونخوا کا نمائندہ ہوگا، پشتونخوامیپ

کوئٹہ(ویب ڈیسک) پشتونخوا ملی عوامی پارٹی ضلع کوئٹہ کے ضلع کمیٹی کا اجلاس پارٹی کے صوبائی سینئر نائب صدر و ضلع کوئٹہ کے سیکرٹری سید شراف آغا کے زیر صدارت پارٹی کے مرکزی سیکرٹریٹ میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں پشتونخوا میپ کے چیئرمین ملی مشر محمود خان اچکزئی کی جانب سے کوئٹہ میں 31,30 اگست اور یکم ستمبر کو پارٹی کے مرکزی سیکرٹری نواب محمد ایاز خان جوگیزئی کے زیر صدارت پشتون قومی جرگہ کی تیاری اور ضلع کوئٹہ کے تحصیلوں کے کانفرنسز کے انعقاد کو زیر غور لایا گیا۔ اجلاس میں پارٹی کے مرکزی ڈپٹی چیئرمین عبدالرؤف لالا، صوبائی صدر عبدالقہار خان ودان، صوبائی جنرل سیکرٹری کبیر افغان، صوبائی رابطہ سیکرٹری گل خلجی اور صوبائی لیبر سیکرٹری حبیب الرحمن بازئی نے شرکت کی۔ اجلاس میں جنوبی پشتونخوا بالخصوص کوئٹہ شہر کے شہریوں کو درپیش سنگین صورتحال کو زیر غور لایا گیا۔ کوئٹہ کے ہنہ اوڑک،سپین کاریز، سرہ غوڑگئی، منگلہ، کچلاغ، اغبرگ، نوحصارسمیت دیگر علاقوں میں جاری بدامنی، خوف و ہراس کی صورتحال نے عوام کو نا صرف ذہنی کوفت کا شکار بنادیا ہے بلکہ کوئٹہ شہر میں کاروبار، تجارتی سرگرمیاں مکمل طورپر ختم ہوچکی ہے اسی طرح خوف و ہراس کے باعث والدین اپنے بچوں کو تعلیمی اداروں کو بھیجنے، سرکاری و نجی ملازمین کا اپنے روزگار پر جانے اور محفوظ طور پر واپس اپنے گھروں کو پہنچنا سوالیہ نشان بن چکا ہے جس کے ذمہ دار موجودہ فارم 47کی نااہل، ناکام مسلط حکومت ہے جس نے تقریباً ڈھائی سال میں اپنی تمام ترجیحات کرپشن، کمیشن، پرسنٹیج، اقراباء پروری، سیاسی بنیادوں پر ملازمین کے ٹرانسفر، او ایس ڈی کرنے، سرکاری ملازمتوں میں میرٹ کو پائمال کرکے اقرباء پروری اور خریدو فروخت پر توجہ دی ہے جس کے باعث حکومت عوام کے اصل مسائل کو حل کرنے میں غیر سنجیدہ ہے اور آج شہری انسانی زندگی کے بنیادی سہولیات تعلیم، صحت، پینے کے صاف پانی، گیس، بجلی، روزگارسے محروم ہیں۔ جبکہ دوسری جانب سخت ترین بدامنی، خوف و ہراس، بدترین بیروزگاری، تجارت پر قدغن کی صورتحال نے عوام کو ناصرف معاشی طور پر بلکہ معاشرتی طور پر بھی سخت مشکلات سے دوچار کررکھا ہے۔اجلاس میں ضلع کوئٹہ سے مربوط تحصیل سریاب کی کانفرنس 11ستمبر بروز جمعہ، صدر تحصیل کانفرنس 13ستمبر بروز اتوار، کچلاغ تحصیل کانفرنس 18ستمبر بروز جمعہ، سٹی تحصیل کانفرنس 23ستمبر بروز بدھ اور 25ستمبر بروز جمعہ کو منعقد ہوں گے۔ جبکہ کوٹوال کلی عمر علاقائی یونٹ کانفرنس 21ستمبر بروز پیر کو منعقد کیا جائیگا۔ پارٹی ضلع کوئٹہ کے تمام ضلع ایگزیکٹیوز، ضلع کمیٹی اور کارکنوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ صدر، سٹی، سریاب، کچلاغ کے تحصیل کانفرنسز کی تیاریوں کے سلسلے میں اپنی ذمہ داریوں کو پورا کریں اور جمہوری انداز میں کانفرنسز کے انعقاد کوپارٹی نظم و ضبط پر عملدرآمد کرتے ہوئے  یقینی بنائے۔ اسی طرح پشتون قومی جرگہ کے تیاری کے سلسلے میں بالا پارٹی کی ہدایات کے مطابق جو فیصلے ہوں گے ان پر عملدرآمد تمام ضلع ایگزیکٹیوز و ضلع کمیٹی کے اراکین اور کارکن پابند ہوں گے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *