چینی ٹریول کریئیٹر کا دورہ پاکستان، سیاحتی مقامات کی بھرپور تشہیرپاکستان کی سیاحتی خوبصورتی چینی عوام کی توجہ کا مرکز بن گئی

اسلام آباد(ویب ڈیسک)پاکستان اور چین کے درمیان سفارتی تعلقات کے قیام کی 75ویں سالگرہ کی تقریبات کے سلسلے میں وزارت بین الصوبائی رابطہ کے تحت پاکستان ٹورازم ڈویلپمنٹ کارپوریشن نے معروف چینی ٹریول کانٹینٹ کریئیٹر ہوا ای سون کو پاکستان کے مطالعاتی دورے پر مدعو کیا۔گوادر پرو کے مطابق یہ دورہ چین میں پاکستانی سفارتخانے اور گلگت بلتستان محکمہ سیاحت کے تعاون سے ترتیب دیا گیا، جس کا مقصد چینی عوام کے سامنے پاکستان کے متنوع اور دلکش سیاحتی مقامات کو اجاگر کرنا تھا۔گوادر پرو کے مطابق دورے کے دوران ہوا ای سون نے اسلام آباد کے علاوہ گلگت بلتستان کے حسین علاقوں کا بھی سفر کیا، جہاں انہوں نے اسکردو، خپلو اور شگر کے دلکش مناظر دیکھے۔ انہوں نے خطے کی قدرتی خوبصورتی، بھرپور ثقافتی ورثے، مقامی لوگوں کی مہمان نوازی اور روایتی کھانوں سے بھی لطف اٹھایا۔اسکردو کے معروف شنگریلا ریزورٹ میں قیام کے دوران ہوا ای سون شنگریلا جھیل کے پرسکون اور دلکش ماحول سے خاصے متاثر ہوئے۔ خطے میں ان کے تجربات کے ذریعے چینی ناظرین کو گلگت بلتستان کے ثقافتی ورثے، روایتی مہمان نوازی اور منفرد سیاحتی تجربات سے آگاہی حاصل ہوئی۔رپورٹ کے مطابق اپنے دلچسپ ڈیجیٹل مواد کے ذریعے ہوا ای سون نے پاکستان کے شاندار پہاڑوں، ثقافتی تنوع اور سفری تجربات کو چین میں اپنے وسیع حلقہ ناظرین تک پہنچایا جس سے ممکنہ سیاحوں کو پاکستان کو ایک سیاحتی منزل کے طور پر قریب سے جاننے کا موقع ملا۔رپورٹ کے مطابق سوشل میڈیا پر مجموعی طور پر 4 کروڑ سے زائد فالوورز رکھنے والے ہوا ای سون کے مواد سے توقع ہے کہ چینی سیاحتی مارکیٹ میں پاکستان کے تشخص اور مقبولیت کو نمایاں فروغ ملے گا اور مزید چینی سیاح پاکستان کا رخ کرنے کی جانب راغب ہوں گے۔پی ٹی ڈی سی نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ادارہ اسٹریٹجک تعاون اور ڈیجیٹل سیاحت کے اقدامات کے ذریعے عالمی سطح پر پاکستان کے سیاحتی امکانات کو اجاگر کرنے کے لیے پرعزم ہے، بالخصوص ایسے اقدامات کے ذریعے جو پاکستان اور چین کے عوام کے درمیان روابط کو مزید مضبوط بنائیں۔کارپوریشن کے مطابق اس نوعیت کے اقدامات پاکستان کے سیاحتی امکانات کو نئے بین الاقوامی حلقوں تک متعارف کرانے کے ساتھ ساتھ دونوں ممالک کے درمیان دیرینہ دوستی کو مزید گہرا کرنے میں بھی معاون ثابت ہو سکتے ہیں۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *