Physical Address
Office NO. 3, Floor 1, Arshad Durrani Building, Alamdar Road.
Quetta, Balochistan | 87300
Physical Address
Office NO. 3, Floor 1, Arshad Durrani Building, Alamdar Road.
Quetta, Balochistan | 87300
کوئٹہ(ویب ڈیسک) ڈپٹی کمشنر موسیٰ خیل عبدالرزاق خجک نے پشتون کلچر ڈے کے موقع پر پشتون قوم کو دلی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ پشتون ثقافت صدیوں پر محیط شاندار تاریخ، روایات، اقدار، مہمان نوازی، بہادری، رواداری اور بھائی چارے کا حسین امتزاج ہے، جس نے خطے کی تہذیبی اور ثقافتی تاریخ میں نمایاں کردار ادا کیا ہے۔اپنے تہنیتی پیغام میں ڈپٹی کمشنر عبدالرزاق خجک نے کہا کہ پشتون کلچر ڈے اپنی ثقافت، روایات اور تاریخی ورثے کو اجاگر کرنے کے ساتھ ساتھ نئی نسل کو اپنے شاندار ثقافتی ورثے سے روشناس کرانے کا اہم موقع ہے۔ انہوں نے کہا کہ قوموں کی پہچان ان کی زبان، ثقافت، روایات اور تاریخی اقدار سے ہوتی ہے، اس لیے اپنی ثقافتی روایات کا تحفظ اور انہیں آنے والی نسلوں تک منتقل کرنا ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔انہوں نے کہا کہ پشتون معاشرے کی ثقافت امن، اخوت، احترام، سخاوت، مہمان نوازی اور بھائی چارے جیسی مثبت اقدار سے عبارت ہے۔ پشتون عوام نے ہمیشہ اپنے مہمانوں کی عزت و تکریم اور ضرورت مندوں کی مدد کو اہمیت دی ہے، جبکہ پشتون روایات میں باہمی احترام اور سماجی ہم آہنگی کو خصوصی مقام حاصل ہے۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ پشتون زبان، ادب، موسیقی، روایتی لباس، دستکاری، لوک روایات اور ثقافتی اقدار خطے کے تاریخی ورثے کا اہم حصہ ہیں۔ نوجوان نسل کو اپنی ثقافت، زبان اور روایات سے آگاہ کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے تاکہ جدید دور کے تقاضوں کے ساتھ ساتھ اپنی تہذیبی شناخت بھی برقرار رکھی جاسکے۔انہوں نے کہا کہ بلوچستان مختلف اقوام، زبانوں اور ثقافتوں کا حسین امتزاج ہے، جہاں تمام اقوام اپنی منفرد ثقافتی شناخت کے ساتھ امن، بھائی چارے اور باہمی احترام کے جذبے کے تحت زندگی بسر کر رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مختلف ثقافتوں کا احترام معاشرے میں اتحاد، ہم آہنگی اور برداشت کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔عبدالرزاق خجک نے کہا کہ پشتون کلچر ڈے ہمیں اپنی ثقافتی روایات اور مثبت اقدار کو فروغ دینے، نوجوان نسل کو اپنے تاریخی ورثے سے جوڑنے اور معاشرے میں بھائی چارے، رواداری اور امن کے پیغام کو مزید مضبوط بنانے کا موقع فراہم کرتا ہے۔انہوں نے پشتون قوم کو پشتون کلچر ڈے کی ایک بار پھر دلی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ وہ دعاگو ہیں کہ یہ دن پشتون قوم کے لیے خوشی، اتحاد، ترقی اور خوشحالی کا باعث بنے اور پشتون ثقافت کی خوبصورت روایات ہمیشہ اسی طرح زندہ و تابندہ رہیں۔