پاکستان ہمیں بے شمار قربانیوں کی بدولت حاصل ہوا ہے، آج صدر آصف علی زرداری، وزیراعظم شہباز شریف، فیلڈمارشل سید عاصم منیر کی قیادت میں ملک ترقی،استحکام کی منازل طے کر رہاہے، پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما صوبائی وزیر صحت بخت محمد کاکڑ

کوئٹہ( ویب ڈیسک) پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما صوبائی وزیر صحت بخت محمد کاکڑ نے کہا ہے کہ پاکستان ہمیں بے شمار قربانیوں کی بدولت حاصل ہوا ہے، آج صدر آصف علی زرداری، وزیراعظم شہباز شریف، فیلڈمارشل سید عاصم منیر کی قیادت میں ملک ترقی،استحکام کی منازل طے کر رہاہے، جلد ہی پاکستان ترقی اور بلوچستان امن کا گہوارہ بنیں گے، نوجوان ملکی ترقی کے لیے اپنا بھر پور کردار ادا کریں۔ یہ بات انہوں نے جمعہ کو جشن آزادی کی مناسبت سے نکالی گئی ریلی سے خطاب اور میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہی۔ بخت محمد کاکڑ نے کہا کہ پاکستان کی سیاسی و عسکری قیادت نے ملک کو پوری دنیا میں جو وقار دلوایا ہے آج دنیا ہماری معترف ہونے کے ساتھ ساتھ ہمارے ساتھ چلنے کے لیے تیار ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان نے گزشتہ برس بھارت کو دندان شکن شکست دیکر یہ ثابت کیا کہ ہمارا دفاع مضبوط ہاتھوں میں ہے اور پاکستان کی جانب میلی آنکھ سے دیکھنے والوں کی آنکھیں نکال دی جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان قائم و دائم رہنے کے لیے بنا ہے اسے کوئی بھی قوت نقصان نہیں پہنچا سکتی مکہ معاہدے کے بعد پاکستان کا دفاع انتہائی مضبوط ہوگیا ہے پاکستان کو توڑنے کی باتیں کرنے والوں کو منہ کی کھانے پڑیگی۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان کی ترقی کے لیے حکومت ہر ممکن اقدامات اٹھا رہی ہے حکومت نے نوجوانوں کی ترقی، خوشحالی اور روزگار کی فراہمی پر خصوصی توجہ دی ہے ہم بھارت اور ان کی پراکسیز کو یہ پیغام دینا چاہتے ہیں کہ قوم ان کے خلاف متحدہے پاکستان اور بلوچستان کو نقصان پہنچانے کا انکا خواب کسی صورت کامیاب نہیں ہوسکتا۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *