Physical Address
Office NO. 3, Floor 1, Arshad Durrani Building, Alamdar Road.
Quetta, Balochistan | 87300
Physical Address
Office NO. 3, Floor 1, Arshad Durrani Building, Alamdar Road.
Quetta, Balochistan | 87300
کوئٹہ(ویب ڈیسک)پاکستان پیپلز پارٹی بلوچستان کی صوبائی کابینہ کا اجلاس صوبائی صدر سینیٹر سردار محمد عمر گورگیج کی زیرِ صدارت منعقد ہوا۔ اجلاس میں پارٹی کے 59 ویں یومِ تاسیس کی تقریبات کے انعقاد، انتظامات اور تنظیمی امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا اور تمام تیاریوں کو حتمی شکل دے دی گئی۔ اجلاس میں صوبائی جنرل سیکرٹری ربانی خان کاکڑ، نائب صدور میر ریاض شاہوانی اور در محمد ہزارہ، ڈپٹی جنرل سیکرٹریز میر لیاقت لہڑی اور ملک ذیشان حسین، ڈپٹی سیکرٹریز اطلاعات حیات خان اچکزئی اور سکینہ عبداللہ خان، فنانس سیکرٹری میر ولی محمد قلندرانی اور رابطہ سیکرٹری احسان خلجی نے شرکت کی۔ اجلاس کے شرکاء نے بانیِ پاکستان پیپلز پارٹی قائد عوام شہید ذوالفقار علی بھٹو اور دختر مشرق شہید محترمہ بینظیر بھٹو سمیت پارٹی کے تمام شہداء کی جمہوریت اور عوامی حقوق کے لیے دی گئی لازوال قربانیوں کو زبردست خراجِ عقیدت پیش کیا۔ شرکاء نے کہا کہ شہید ذوالفقار علی بھٹو اور شہید محترمہ بینظیر بھٹو کے روشن نظریات اور عوامی خدمت کا سفر آج بھی پیپلز پارٹی کی اصل طاقت ہے، جسے صدرِ مملکت آصف علی زرداری کی مدبرانہ قیادت اور چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی متحرک و وڑنری رہنمائی میں آگے بڑھایا جا رہا ہے۔اجلاس میں اس عزم کا اعادہ کیا گیا کہ پارٹی کا 59 واں یومِ تاسیس بلوچستان بھر میں روایتی جوش و جذبے، اتحاد اور یکجہتی کے ساتھ منایا جائے گا۔ صوبائی صدر سینیٹر سردار محمد عمر گورگیج نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کی تاریخ عوامی طاقت اور جمہوری اصولوں کی پاسداری سے عبارت ہے۔ انہوں نے کہا کہ 59 واں یومِ تاسیس محض ایک تقریب نہیں بلکہ شہید ذوالفقار علی بھٹو اور شہید محترمہ بینظیر بھٹو کے فلسفے، پارٹی منشور اور عوامی وابستگی کی تجدید کا دن ہے۔ سینیٹر سردار محمد عمر گورگیج نے کہا کہ صدرِ مملکت آصف علی زرداری کی سیاسی بصیرت اور چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی قیادت میں پیپلز پارٹی پسے ہوئے طبقات، محنت کشوں، کسانوں اور بلوچستان کے عوام کی حقیقی نمائندگی جاری رکھے گی۔ انہوں نے صوبائی کابینہ کے ارکان اور تمام تنظیمی عہدیداروں و پارلیمانی اراکین کو ہدایت کی کہ ضلعی و تحصیل سطح تک رابطوں کو مزید مضبوط بنایا جائے، کارکنوں کو متحرک کیا جائے اور یومِ تاسیس کی تقریبات کو کامیاب اور یادگار بنانے کے لیے اپنی تمام تر توانائیاں بروئے کار لائی جائیں۔ اجلاس کے اختتام پر یومِ تاسیس کی تقریبات کے حوالے سے مختلف امور کو حتمی شکل دی گئی اور شہداء ِ جمہوریت کے درجات کی بلندی جبکہ ملک و صوبے کے امن، خوشحالی اور جمہوریت کے استحکام کے لیے خصوصی دعا بھی کی گئی۔