پاکستانی کرکٹر حمزہ نذر پر 2سال کی پابندی اور 10لاکھ روپے کا جرمانہ عائد حمزہ نذر پر تمام ڈومیسٹک اور بین الاقوامی سرگرمیوں میں شرکت پر پابندی عائد کی گئی

لاہور (سپورٹس ڈیسک)پاکستان کرکٹ بورڈ نے ڈومیسٹک کرکٹر حمزہ نذر پر 2سال کی پابندی اور 10 لاکھ روپے کا جرمانہ عائد کر دیا۔اس حوالے سے پی سی بی کا کہنا ہے کہ حمزہ نذر پر تمام ڈومیسٹک اور بین الاقوامی سرگرمیوں میں شرکت پر 2سال کی پابندی عائد کی گئی ہے۔پی سی بی کے مطابق حمزہ نذر کے خلاف تادیبی کارروائی انکوائری کمیٹی کی رپورٹ کے بعد کی گئی، انکوائری ویزا درخواست کے دوران فراہم کردہ معلومات کے حوالے سے کی گئی۔پی سی بی نے کہا ہے کہ حمزہ نذر نے مکمل اور درست معلومات فراہم نہیں کیں، انہوں نے گمراہ کن معلومات دیں اور درخواست کے لیے اہم حقائق کو چھپایا، معاملے کی تحقیقات کے لیے 3 رکنی کمیٹی بنائی گئی اور حمزہ نذر کو موقف پیش کرنے موقع فراہم کیا گیا۔پاکستان کرکٹ بورڈ کا کہنا ہے کہ پی سی بی غلط بیانی، حقائق چھپانے اور گمراہ کن معلومات فراہم کرنے کو سنجیدگی سے لیتا ہے، کسی بھی فرد کو بورڈ، پاکستان کرکٹ اور شائقین کرکٹ کی ساکھ کو نقصان پہنچانے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *