پاکستانی دستاویزی فلم ہینگنگ بائی اے وائیر آسکرز 2027 کیلئے منتخب ،جلدریلیز ہونے کا امکان

اسلام آباد(کلچرل ڈیسک)پاکستان کی اکیڈمی سلیکشن کمیٹی نے فلم ساز محمد علی نقوی کی دستاویزی فلم ہینگنگ بائی اے وایئر کو آسکرز 2027 کیلیے منتخب کر لیا۔یہ اعلان پاکستان اکیڈمی سلیکشن کمیٹی کی ڈپٹی چیئرپرسن ثنا زہرا جعفری نے گزشتہ روز کینیڈا میں منعقدہ موزیک انٹرنیشنل فلم فیسٹیول (MISAFF)میں فلم کے پریمیئر کے موقع پر کیا۔ان کے مطابق دستاویزی فلم ہینگنگ بائی اے وایئر کو اکیڈمی ایوارڈز میں بہترین بین الاقوامی فیچر فلم کی کیٹیگری کے لیے منتخب کیا گیا ہے۔یہ پہلی مرتبہ ہے کہ پاکستان نے آسکرز کی بین الاقوامی فیچر فلم کی کیٹیگری میں ملک کی نمائندگی کے لیے کسی دستاویزی فلم کا انتخاب کیا ہے۔توقع ہے کہ اس دستاویزی فلم کو رواں سال پاکستان میں ریلیز کیا جائے گا، تاہم اس کی تاریخ کا تاحال اعلان نہیں کیا گیا۔خیال رہے کلہ فلم اگست 2023 میں خیبر پختون خوا کے علاقے بٹگرام میں پیش آنے والے کیبل کار حادثے کی ڈرامائی داستان بیان کرتی ہے۔اس حادثے میں 6اسکول طلبہ سمیت 8افراد دریائے جھانگری سے تقریباً 600فٹ بلندی پر معلق کیبل کار میں پھنس گئے تھے۔اس واقعے کے بعد بڑے پیمانے پر امدادی کارروائی شروع کی گئی تھی، جس پر پاکستان سمیت دنیا بھر کی نظریں مرکوز رہیں۔پاک فوج کے اہلکاروں نے ہیلی کاپٹر کے ذریعے ایک شخص کو باحفاظت نکال لیا تھا، جبکہ باقی 7افراد کو بچانے کے لیے زِپ لائن کے ماہرین علی سواتی اور صاحب خان کو طلب کیا گیا تھا۔تقریباً 12گھنٹے جاری رہنے والے انتہائی مشکل ریسکیو آپریشن کے بعد بالآخر تمام 8افراد کو باحفاظت نکال لیا گیا۔اس دستاویزی فلم کو تحریر اور اس کی ہدایت کاری محمد علی نقوی نے کی ہے جبکہ اسے بلال سمیع نے پروڈیوس کیا ہے۔فلم میں عینی شاہدین کی بنائی گئی ویڈیوز، زندہ بچ جانے والوں کے بیانات اور سنیماٹک انداز میں دوبارہ عکس بندی شامل ہے۔فلم کا عالمی پریمیئر2026 کے سنڈانس فلم فیسٹیول میں ورلڈ سنیما ڈاکیومنٹری مقابلے میں ہوا، جس کے بعد اسے 2026 کے وسط میں ٹرائی بیکا فیسٹیول میں بھی پیش کیا گیا۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *