وفاقی وزیر حنیف عباسی کی وزیر اعلی بلوچستان سے ملاقات،صوبے میں پہلی میٹرو ٹرین سروس کے آغاز سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال

کوئٹہ{ویب ڈیسک}وفاقی وزیر ریلویز محمدحنیف عباسی نے وزیر اعلی بلوچستان میر سرفراز بگٹی سے چیف منسٹر سیکرٹریٹ کوئٹہ میں ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران صوبے میں پہلی میٹرو ٹرین سروس کے آغاز سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔وزیر اعلی بلوچستان میر سرفراز بگٹی اور وفاقی وزیر ریلویز حنیف عباسی نے بلوچستان میں پہلی میٹرو ٹرین سروس کے آغاز پر مسرت کا اظہار کیا۔وفاقی وزیر ریلویز نے میٹرو ٹرین سروس کے آغاز پر وزیر اعلی بلوچستان کو مبارکباد دی اور کہا کہ بلوچستان میٹرو ٹرین سروس کے آغاز کے حوالے سے ملک کے دیگر صوبوں سے سبقت لے گیا ہے، بلوچستان حکومت کی کمٹمنٹ اور عوامی سہولت کے اس منصوبے پر اسے خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔ وزیر اعلی میر سرفراز بگٹی نے میٹرو ٹرین سروس کے آغاز میں تعاون پر وزارت ریلویز کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ جناح میٹرو ٹرین سروس بلوچستان میں جدید اور بااعتماد سفری سہولت کے نئے دور کا آغاز ہے۔وزیر اعلی بلوچستان نے کہا کہ الحمدللہ بلوچستان میں عوامی سفری سہولیات کے فروغ کا اہم منصوبہ مکمل ہوا ہے، جناح میٹرو ٹرین سروس سے شہریوں کو جدید، محفوظ اور بااعتماد سفری سہولت میسر آئے گی۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *