وفاقی محتسب کی شاندار کامیابی: خضدار کی رہائشی مستحق خاتون کو بی آئی ایس پی کا رکا ہوا وظیفہ (14,500 روپے) مل گیا

خضدار (ویب ڈیسک) وفاقی محتسب سیکرٹریٹ ریجنل آفس خضدار کی بروقت اور مؤثر کارروائی کے نتیجے میں بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام (BISP) کی ایک مستحق خاتون کو ان کا رکا ہوا وظیفہ ادا کر دیا گیا۔ سرکاری محکموں کی بدانتظامی کے خلاف وفاقی محتسب کی جانب سے غریب اور مستحق شہریوں کو فوری اور مفت انصاف کی فراہمی کا سلسلہ کامیابی سے جاری ہے۔تفصیلات کے مطابق، تحصیل کرخ کے پسماندہ علاقے مڑی بھلونک، خضدار کی رہائشی خاتون درخواست گزار حنیفہ نے وفاقی محتسب ریجنل آفس خضدار میں بی آئی ایس پی کی جانب سے وظیفے کی عدم ادائیگی پر ایک تحریری شکایت درج کروائی تھی۔ درخواست گزار کا موقف تھا کہ وہ بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کی حقدار ہے، لیکن متعلقہ ادارے کی جانب سے بغیر کسی ٹھوس وجہ کے اسے وظیفے کی ادائیگی روکی ہوئی تھی، جس کے باعث وہ شدید مالی مشکلات کا شکار تھی۔غریب خاتون کی شکایت موصول ہوتے ہی وفاقی محتسب خضدار آفس نے فوری ایکشن لیا اور متعلقہ محکمے (BISP) کے حکام سے وضاحت طلب کرتے ہوئے مسئلے کے فوری حل کی ہدایت کی۔ وفاقی محتسب کی سخت مداخلت، نوٹس اور شفاف کارروائی کے نتیجے میں متعلقہ ادارے نے فوری طور پر درخواست گزار حنیفہ کے اکاؤنٹ میں 14,500 روپے بطور مالی معاونت منتقل کر دیے۔اپنی رکی ہوئی رقم موصول ہونے پر درخواست گزار حنیفہ نے بے حد خوشی اور مکمل اطمینان کا اظہار کیا۔ انہوں نے اپنے حق کی فوری اور بغیر کسی سفارش و فیس کے فراہمی پر وفاقی محتسب اور ان کی ٹیم کا خصوصی طور پر شکریہ ادا کیا، جس کے بعد اس شکایت کو دفتری ریکارڈ میں کامیابی کے ساتھ نمٹا دیا گیا۔وفاقی محتسب ریجنل آفس خضدار کی اس کامیاب کارروائی نے علاقے کے عوام میں اس ادارے پر اعتماد کو مزید پختہ کیا ہے۔ وفاقی محتسب سیکرٹریٹ کا عزم ہے کہ سرکاری اداروں کی جانب سے عوام کی حق تلفی یا تاخیری حربوں کو کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا اور شہریوں کی شکایات کا ازالہ ان کی دہلیز پر کیا جاتا رہے گا۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *