Physical Address
Office NO. 3, Floor 1, Arshad Durrani Building, Alamdar Road.
Quetta, Balochistan | 87300
Physical Address
Office NO. 3, Floor 1, Arshad Durrani Building, Alamdar Road.
Quetta, Balochistan | 87300

اسلام آباد (ویب ڈیسک)وفاقی سیکرٹری سائنس و ٹیکنالوجی شاہد اقبال بلوچ سے پاکستان میں بوسنیا و ہرزیگووینا کے سفیر ایمن چوہوداریوچ نے منگل کو وزارتِ سائنس و ٹیکنالوجی میں ملاقات کی۔ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان سائنس، ٹیکنالوجی اور جدت کے شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو مزید فروغ دینے کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وفاقی سیکرٹری نے سفیر کا خیرمقدم کرتے ہوئے دوست ممالک کے ساتھ سائنس و ٹیکنالوجی کے شعبے میں شراکت داری کو وسعت دینے کے لیے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔ انہوں نے رواں سال انسٹی ٹیوٹ آف میٹرولوجی آف بوسنیا و ہرزیگووینا اور نیشنل میٹرولوجی انسٹی ٹیوٹ آف پاکستان کے درمیان طے پانے والے مفاہمت کی یادداشت (ایم او یو) کا حوالہ دیتے ہوئے اسے دونوں ممالک کے اداروں کے درمیان روابط اور تکنیکی تعاون کے فروغ کی جانب اہم پیشرفت قرار دیا۔بوسنیا و ہرزیگووینا کے سفیر نے مفاہمت کی یادداشت کے تحت تعاون کو آگے بڑھانے کے لئے بوسنیائی فریق کا مجوزہ روڈ میپ پیش کیا۔ فریقین نے میٹرولوجی، استعدادِ کار میں اضافے، ماہرین کے تبادلے اور تکنیکی تعاون سمیت باہمی دلچسپی کے مختلف شعبوں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا اور موجودہ مفاہمت کو عملی اور باہمی مفاد پر مبنی اقدامات میں تبدیل کرنے کے مواقع کا جائزہ لیا۔وفاقی سیکرٹری نے مفاہمت کی یادداشت پر مؤثر عملدرآمد اور ٹھوس نتائج کے حصول کے لئے وزارتِ سائنس و ٹیکنالوجی کے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔انہوں نے کہا کہ وزارت مجوزہ روڈ میپ کا جائزہ لے گی اور متفقہ شعبوں میں تعاون کو آگے بڑھانے کے لئے نیشنل میٹرولوجی انسٹی ٹیوٹ آف پاکستان کے ساتھ ضروری رابطہ کاری کرے گی۔سفیر نے پرتپاک استقبال پر وفاقی سیکرٹری کا شکریہ ادا کیا اور سائنس، ٹیکنالوجی اور جدت کے شعبوں میں پاکستان کے ساتھ تعاون کو مزید گہرا کرنے میں بوسنیا و ہرزیگووینا کی گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔فریقین نے باہمی تعاون کی سرگرمیوں پر بروقت پیشرفت اور مؤثر عملدرآمد کو یقینی بنانے کے لئے قریبی رابطہ اور مشاورت جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔