وزیراعلیٰ بلوچستان کی قیادت میں صوبائی حکومت عوام کو درپیش مسائل کے حل کیلئے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لارہی ہے،

کوئٹہ(ویب ڈیسک) پاکستان پیپلز پارٹی کے صوبائی رہنما حاجی خان محمد بڑیچ نے کہا ہے کہ پاکستان پیپلزپارٹی جیالوں کی جماعت ہے اور جیالوں نے ملک میں جمہوریت کی مضبوطی اور پارلیمنٹ کی بالادستی کیلئے اپنی جانوں کے نذرانے پیش کئے ہیں،وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی کی قیادت میں صوبائی حکومت عوام کو درپیش مسائل کے حل کیلئے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لارہی ہے۔یہ بات انہوں نے پیر کو اپنی رہائش گاہ پر ملاقات کرنے والے پاکستان پیپلز پارٹی کے کارکنوں کے وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کہی۔حاجی خان محمدبڑیچ نے کہا کہ پاکستان پیپلزپارٹی کی بلوچستان میں مخلو ط صوبائی حکومت عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی اورانکے مسائل حل کرنے کیلئے ہرممکن اقدامات اٹھارہی ہے اڑھائی سال کے دوران صوبے میں تمام غیر فعال اسکولوں اورہسپتالوں کو فعال کرکے وہاں اساتذہ اور ڈاکٹروں کی حاضری کو یقینی بنایا گیا ہے اور ہسپتالوں میں داخل مریضوں کوبلا امتیاز مفت ادویات فراہم کی جارہی ہیں۔انہوں نے کہا کہ کوئٹہ سمیت صوبے کے دیگر علاقوں کو عوام کو آرام دہ سفر کی سہولیات کی فراہمی کیلئے گرین اورپنک بس سروس شروع کی گئی ہے اور جلد ہی کوئٹہ سے کچلاک تک عوام کوسفر کی سہولت کیلئے پیپلزٹرین بھی شروع کی جارہی ہے۔انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ بلوچستان میرسرفراز بگٹی اتحادیوں کے ساتھ ملکر صوبے کی ترقی و خوشحالی کیلئے کام کر رہے ہیں اور تاریخ میں پہلی مرتبہ موجودہ حکومت نے تمام حلقوں کو یکساں بنیادوں پر فندز کی فراہمی یقینی بنائی ہے جس سے صوبے بھر میں ترقیاتی کاموں پر تیزی سے کام جاری ہے جن کی تکمیل سے عوام کوبنیادی سہولیات کی فراہمی میں مدد ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ انشاء اللہ پاکستان پیپلز پارٹی کی موجودہ صوبائی حکومت وزیراعلیٰ بلوچستان میرسرفراز بگٹی کی قیادت میں اپنے پانچ سال پورے کریگی۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *