وانا سپر مارکیٹ میں دھماکہ، مفتی جان امیر جاں بحق، تحقیقات جاری

وانا (ویب ڈیسک)ضلع لوئر جنوبی وزیرستان کے مرکزی بازار وانا کی ایک سپر مارکیٹ میں پیر کے روز ہونے والے دھماکے میں مقامی مذہبی شخصیت مفتی جان امیر جاں بحق ہوگئے۔پولیس ذرائع کے مطابق دھماکے میں مفتی جان امیر شدید زخمی ہوئے تھے، جنہیں فوری طور پر ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال وانا منتقل کیا گیا، تاہم وہ دورانِ علاج زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئے۔ابتدائی اطلاعات کے مطابق دھماکا مبینہ طور پر دیسی ساختہ بم (آئی ای ڈی)کے ذریعے کیا گیا۔ واقعے کے فورا بعد پولیس اور سکیورٹی فورسز نے جائے وقوعہ کو گھیرے میں لے کر شواہد اکٹھے کرنا شروع کر لئے جبکہ حملہ آوروں کی تلاش اور واقعے کی مختلف پہلوﺅں سے تحقیقات جاری ہیں۔پولیس حکام کے مطابق مفتی جان امیر ماضی میں ملا نذیر گروپ سے وابستہ اہم کمانڈروں میں شمار کیے جاتے تھے۔ ذرائع کے مطابق وہ بعد ازاں ایک سرکاری اسکول میں بطور استاد خدمات انجام دے رہے تھے اور مقامی قبائلی و زمینی تنازعات کے حل کےلئے جرگوں میں بھی فعال کردار ادا کرتے تھے۔دھماکے کے بعد وانا بازار میں خوف و ہراس پھیل گیا۔تاجروں نے واقعے پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے علاقے میں سکیورٹی مزید موثر بنانے کا مطالبہ کیا ہے۔حکام کے مطابق دھماکے کی نوعیت اور محرکات کا تعین کرنے کے لیے تحقیقات جاری ہیں۔ تاحال کسی گروہ نے اس واقعے کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *