نوجوان نسل مغربی تہذیب کے بڑھتے ہوئے اثرات سے متاثر ہوکر اپنی دینی اخلاقی اور تہذیبی شناخت سے دور ہوتی جارہی ہے ، مولانا عبدالرحمن رفیق

کوئٹہ (ویب ڈیسک)جمعیت علماء  اسلام ضلع کوئٹہ کے امیر شیخ الحدیث مولانا عبدالرحمن رفیق، ضلعی جنرل سیکرٹری حاجی عین اللہ شمس، سینئر نائب امیر مولانا خورشید احمد، سرپرستِ اعلیٰ مفتی محمد روزی خان، مولانا حفیظ اللہ، مولانا محمد سلیمان، حافظ دوست محمد مینگل، مولانا عبدالبصیر، حافظ رشید احمد، حاجی محمد شاہ لالا، مفتی نیک محمد فاروقی اور حاجی نعمت اللہ اچکزئی نے کہا ہے کہ نوجوان نسل مغربی تہذیب کے بڑھتے ہوئے اثرات سے متاثر ہوکر اپنی دینی اخلاقی اور تہذیبی شناخت سے دور ہوتی جارہی ہے جس پر والدین علماء  اور معاشرے کے ذمہ دار طبقات کو سنجیدگی سے توجہ دینے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ مغربی تہذیب کی اندھی تقلید نوجوان نسل کے لیے فکری اخلاقی اور معاشرتی طور پر نقصان دہ ثابت ہوسکتی ہے اس لیے نوجوان مغربی طرزِ زندگی سے مرعوب ہونے کے بجائے اپنے دین اسلامی اقدار اور اسلاف کی روشن روایات سے وابستہ رہیں۔ مغربی قوتوں نے نہایت منظم اور چالاک انداز میں ٹی وی چینلز، ڈراموں، فلموں، سوشل میڈیا اور دیگر ذرائع ابلاغ کے ذریعے اپنی تہذیب اور طرزِ زندگی کو مسلم معاشروں میں فروغ دیا ہے جس کے اثرات بالخصوص نوجوان نسل کی سوچ اور طرزِ زندگی پر نمایاں ہورہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہماری تہذیب حیا، پاکیزگی، احترامِ انسانیت اور اعلیٰ اخلاقی اقدار کی امین ہے ہمارے اسلاف کی عظیم تاریخ نوجوانوں کے لیے کردار علم تقویٰ اور خدمتِ خلق کا روشن نمونہ پیش کرتی ہے۔ نوجوان نسل کو مادر پدر آزاد معاشرت کے بجائے اسلامی تہذیب و تمدن کے دامن سے وابستہ رہنا چاہیے۔ انہوں نے علماء  کرام پر زور دیا کہ وہ حالات کی نزاکت کو سمجھتے ہوئے محض مساجد و مدارس تک محدود نہ رہیں بلکہ میدانِ عمل میں مؤثر کردار ادا کرتے ہوئے نوجوان نسل کی فکری و اخلاقی تربیت رہنمائی اور اصلاح کے لیے منظم جدوجہد کریں۔ انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کی صحیح دینی و اخلاقی تربیت ہی ایک باکردار اور مضبوط معاشرے کی بنیاد ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *