نوجوان ملک کا قیمتی اثاثہ ہیں اور انہیں صحت مند و مثبت سرگرمیوں میں مصروف رکھنا وقت کی اہم ضرورت ہے،رکن قومی اسمبلی ملک شاہ گورگیج

تربت (این این آئی)جشنِ آزادی پاکستان کے سلسلے میں منعقدہ جشنِ آزادی فٹبال ٹورنامنٹ کا فائنل میچ آبسر فٹبال گراؤنڈ میں کھیلا گیا، جس میں پولیس اکیڈمی تربت نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے یوسی کوشقلات یوتھ فٹبال کلب کو ایک کے مقابلے میں دو گول سے شکست دے کر ٹورنامنٹ کی ٹرافی اپنے نام کرلی۔فائنل میچ کے مہمانِ خصوصی رکن قومی اسمبلی ملک شاہ گورگیج اور ڈپٹی کمشنر کیچ یاسر اقبال دشتی تھے۔ اس موقع پر چیئرمین ڈسٹرکٹ کونسل کیچ میر ہوتمان بلوچ، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر کیچ تابش علی بلوچ، اسسٹنٹ کمشنر تربت محمد حنیف کبزئی، ڈسٹرکٹ اسپورٹس آفیسر تربت غفار یوسف دشتی، ڈسٹرکٹ اسپورٹس آفیسر تمپ حبیب اللہ دشتی سمیت دیگر سیاسی، انتظامی و سماجی شخصیات بھی موجود تھیں۔فائنل میچ دیکھنے کے لیے آبسر فٹبال گراؤنڈ شائقین سے کھچا کھچ بھرا ہوا تھا۔ دونوں ٹیموں کے درمیان سنسنی خیز اور دلچسپ مقابلہ ہوا، جس سے شائقین بھرپور محظوظ ہوئے اور اپنی پسندیدہ ٹیموں کے کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کرتے رہے۔ پولیس اکیڈمی تربت نے عمدہ کھیل پیش کرتے ہوئے دو گول اسکور کیے، جبکہ یوسی کوشقلات یوتھ فٹبال کلب کی ٹیم ایک گول کرسکی۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے رکن قومی اسمبلی ملک شاہ گورگیج نے کہا کہ نوجوان ملک کا قیمتی اثاثہ ہیں اور انہیں صحت مند و مثبت سرگرمیوں میں مصروف رکھنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ کھیل نوجوانوں کی صلاحیتوں کو مثبت سمت دینے کے ساتھ ساتھ ان میں نظم و ضبط، ٹیم ورک اور برداشت کا جذبہ بھی پیدا کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ کھیل تعلیم کا بھی اہم حصہ ہیں، اس لیے نوجوانوں کو زیادہ سے زیادہ کھیلوں کی سرگرمیوں کے مواقع فراہم کیے جانے چاہئیں۔ انہوں نے اعلان کیا کہ آبسر میں ایک معیاری فٹبال گراؤنڈ تعمیر کیا جائے گا، جس کے لیے پبلک سیکٹر ڈویلپمنٹ پروگرام (PSDP) میں 4 کروڑ 80 لاکھ روپے مختص کیے گئے ہیں۔ملک شاہ گورگیج نے جشنِ آزادی کے موقع پر فٹبال ٹورنامنٹ کے انعقاد کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس نوعیت کی سرگرمیاں نوجوانوں میں حب الوطنی، نظم و ضبط، بھائی چارے اور قومی یکجہتی کے جذبات کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کرتی ہیں۔تقریب کے اختتام پر رکن قومی اسمبلی ملک شاہ گورگیج اور چیئرمین ڈسٹرکٹ کونسل کیچ میر ہوتمان بلوچ نے فاتح ٹیم پولیس اکیڈمی تربت اور رنر اپ یوسی کوشقلات یوتھ فٹبال کلب کے کپتانوں میں ٹرافیاں تقسیم کیں، جبکہ کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کے لیے نقد انعامات کا بھی اعلان کیا۔ اختتامی تقریب میں شائقین اور کھلاڑیوں نے جشنِ آزادی کے قومی جذبے کے ساتھ کھیلوں کے فروغ کے عزم کا اظہار کیا۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *