میسی کے آخری ایونٹ پر ارجنٹائن میں اداسی اور فخر کے ملے جلے جذبات کااظہار

بیونس آئرس(این این آئی) فیفا ورلڈ ک2026 کے فائنل میں اسپین کے ہاتھوں ایک گول سے شکست اور لیونل میسی کے آخری ایونٹ پر ارجنٹائن میں اداسی اور فخر کے ملے جلے جذبات دیکھنے میں آئے۔لیونل میسی کے مداحوں کا اپنے لیجنڈ کیلئے زبردست پذیرائی اور دعائیہ کلمات کے ساتھ کہنا تھا کہ یہ صرف ایک شکست نہیں بلکہ لیونل میسی کے ورلڈ کپ کیریئر کے اختتام اور ایک سنہری دور کے خاتمے کا لمحہ ہے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق بیونس آئرس کے تاریخی علاقے میں واقع کیفے ریلیکس سمیت مختلف مقامات پر ہزاروں شائقین نے میچ بڑی بڑی اسکرینوں براہِ راست دیکھا۔آخری سیٹی بجتے ہی کئی مداح اشکبار ہوگئے ، بعض شائقین جذبات پر قابو رکھتے ہوئے ایک دوسرے کو دلاسے دیتے رہے، 22 سالہ طالب علم کامیلو چیچیرو نے کہا کہ انہیں سب سے زیادہ دکھ اس بات کا ہے کہ شاید وہ میسی کو دوبارہ ورلڈ کپ میں کھیلتے نہ دیکھ سکیں۔ایک اور نوجوان مداح خوان سائنز نے بتایا کہ یہ لیونل میسی کا آخری ورلڈ کپ تھا، ایسا محسوس ہوتا ہے جیسے ایک پورا عہد ختم ہوگیا ہو،اگرچہ شکست نے شائقین کو مایوس کیا تاہم رات ڈھلتے ہی بیونس آئرس کی سڑکوں پر آتش بازی، گاڑیوں کے ہارن اور قومی ترانوں کی گونج سنائی دینے لگی۔ ہزاروں افراد روایتی جشن گاہ اوبلیسک پہنچے جہاں انہوں نے قومی ٹیم اور لیونل میسی کو خراجِ تحسین پیش کیا۔ارجنٹائن کے صدر جاویئر میلی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر ٹیم کو سراہتے ہوئے لکھا کہ بہت شکریہ کھلاڑیوں، آپ نے آخری لمحے تک بھرپور مقابلہ کیا ارجنٹائن ہمیشہ سربلند رہے گا۔میچ کے دوران ارجنٹائن کے حامی مسلسل امید لگائے بیٹھے رہے کہ ٹیم ایک بار پھر شاندار کم بیک کرے گی، تاہم اضافی وقت میں اسپین کے فیران ٹوریس کے فیصلہ کن گول نے تمام امیدیں ختم کردیں۔میچ کے دوران امپائر نے اینزو فرنینڈیز کو یلو کارڈز دکھا کر میدان سے باہر بھیج دیا تھا جس کے بعد شائقین کی بے چینی مزید بڑھ گئی، اضافی وقت میں اسپین کے ایک گول کے بعد اسٹیڈیم اور کیفے میں گہری خاموشی چھا گئی۔62سالہ مداح ایبل ٹوریس نے جذباتی انداز میں کہا کہ ارجنٹائن نے آخری لمحے تک بھرپور جدوجہد کی اور یہی اس قوم کی اصل پہچان ہے کہ وہ ہر مشکل کے بعد دوبارہ اٹھ کھڑی ہوتی ہے۔دوسری جانب میسی کے آبائی شہر روزاریو میں بھی سیکڑوں افراد جمع ہوئے جہاں آتش بازی اور نعروں کے ذریعے قومی ٹیم اور لیونل میسی کی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کیا گیا۔شائقین کا کہنا تھا کہ میسی پہلے ہی ارجنٹائن کو عالمی چیمپئن بنا کر تاریخ میں امر ہوچکے ہیں اور قوم ہمیشہ ان پر فخر کرے گی۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *