میر حاصل خان بزنجو جمہوریت کی بلند و توانا آواز تھے، وہ جمہوری مزاحمتی سیاست کے سرخیل رہنماؤں میں سے تھے،مرکزی ترجمان نیشنل پارٹی علی احمد لانگو

کوئٹہ(ویب ڈیسک) نیشنل پارٹی کے مرکزی ترجمان علی احمد لانگو نے میرِ جمہوریت میر حاصل خان بزنجو کی برسی کے موقع پر جاری بیان میں میر جمہوریت کو زبردست خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ میر حاصل خان بزنجو جمہوریت، آئین کی بالادستی، عوامی حاکمیت اور قومی خودمختاری کے بلند علمبردار تھے۔بیان میں کہا گیا کہ 20 اگست جمہوری جدوجہد کی تاریخ کا ایک افسردہ دن ہے، جب ملک ایک بلند قامت، نڈر اور باکردار رہنما سے محروم ہوگیا۔ میر حاصل خان بزنجو جمہوری مزاحمتی سیاست کے سرخیل رہنماؤں میں شامل تھے، جنہوں نے ہر دور میں آمریت جبر، غیر جمہوری رویوں اور عوامی حقوق کی پامالی کے خلاف اصولی اور جرات مندانہ آواز بلند کی۔علی احمد لانگو نے کہا کہ میر حاصل خان بزنجو کی جدوجہد بلوچستان کے عوام کے سیاسی، قومی اور معاشی حقوق، حقیقی وفاقیت، پارلیمانی بالادستی اور ملک میں شفاف جمہوری عمل کے لیے تھی۔ ان کے سیاسی افکار اور جدوجہد آج بھی جمہوریت پسند قوتوں کے لیے مشعلِ راہ ہیں۔ترجمان نے کہا کہ میرِ جمہوریت کی برسی کے موقع پر 20 اگست کو بلوچستان بھر میں تعزیتی اجلاس منعقد کیے جائیں گے، جبکہ آئندہ ماہ 20 ستمبر کو کوئٹہ میں مرکزی سطح پر ریفرنس منعقد ہوگا، جس میں نیشنل پارٹی کی قیادت سمیت مختلف مکاتبِ فکر سے تعلق رکھنے والے افراد میر حاصل خان بزنجو کی سیاسی و جمہوری جدوجہد کو خراجِ عقیدت پیش کریں گے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *