ملک میں ضلعی سطح پر فٹ بال کی ترقی کے لئے اقدامات اٹھانے کی ضرورت ہے،سردار نوید حیدرٹیم کے لئے کھلاڑیوں کی سلیکشن میرٹ پر ایمانداری اور دیانتداری سے ہونی چاہئے، گفتگو

لاہور (سپورٹس ڈیسک)پاکستان فٹ بال فیڈریشن کے سابق نائب صدر و سابق صدر پنجاب فٹ بال ایسوسی ایشن سردار نوید حیدر خان نے کہا ہے کہ ملک میں ضلعی سطح پر فٹ بال کی ترقی کے لئے اقدامات اٹھانے کی ضرورت ہے۔ ٹیم کے لئے کھلاڑیوں کی سلیکشن میرٹ پر ایمانداری اور دیانتداری سے ہونی چاہئے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ نیشنل انڈر-17 فٹ بال چیمپئن شپ کا انعقاد ہونے جا رہا ہے یہ گراس روٹ سطح پر فٹ بال کی ترقی کے لئے بہت اچھا اقدام ہے لیکن صوبوں میں ٹیموں کے چنا کے سلسلہ میں ایک، دو مقامات پر ٹرائلز منعقد ہو رہے ہیں۔ پنجاب میں فیصل آباد اور سیالکوٹ میں ٹرائلز منعقد ہو رہے اب پورے صوبے سے اچھے کھلاڑی اپنے خرچے پر کیسے پہنچ سکتے ہیں لہذا صوبہ میں ہر ضلع میں وہاں کی ایسوسی ایشنز ٹرائلز کے ذریعے پانچ، چھ کھلاڑیوں کا چناؤ کرکے ان کو فائنل ٹرائلز کے لئے بھیجتے، پھر وہاں پر میرٹ پر ٹیم کے کھلاڑیوں کو سلیکٹ کیا جاتا۔ ملک میں زیادہ ترغریبوں کے بچے فٹ بال کھیلتے ہیں۔ایک اچھا کھلاڑی ڈیرہ غازی خان سے فیصل آباد دس ہزار روپے لگا کر کیسے فیصل آباد ایک گھنٹے کے لئے پہنچے گا اور بعد میں پتہ چلے کہ کھلاڑیوں کی سلیکشن میرٹ پر نہیں ہوئی۔ ٹیم میں کھلاڑیوں کی سلیکشن میں میرٹ کی بنیاد پر ایمانداری اور دیانتداری سے کرنی چاہئے تاکہ کھلاڑیوں میں فٹ بال کھیلنے کا شوق مزید بڑھے اور وہ جذبے کے ساتھ کھیلیں۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *