مقبوضہ کشمیر:انتخابی بے ضابطگیوں پر کانگریس کے احتجاجی مظاہرے چیف الیکشن کمشنر اور وزیراعظم نریند مودی کے استعفے کا مطالبہ

سرینگر(کشمیر ڈیسک) غیر قانونی طورپر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیرمیں کانگریس نے انتخابی بے ضابطگیوں کے الزامات کے خلاف مختلف علاقوں میں احتجاجی مظاہرے کیے اور بھارتی چیف الیکشن کمشنر گیانیش کمار اور وزیر اعظم نریندر مودی سے استعفے کا مطالبہ کیا۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق جموں میں شہیدی چوک پر کانگریس رہنماؤں اور کارکنوں کی بڑی تعداد جمع ہوئی۔ مظاہرین نے الیکشن کمیشن اور مودی حکومت کے خلاف نعرے لگائے۔ بعد ازاں مظاہرین نے ڈپٹی کمشنر کے دفتر کی جانب مارچ کیا، تاہم وہاں تعینات پولیس کی بھاری نفری نے انہیں آگے بڑھنے سے روک دیا۔ سابق وزیر یوگیش ساونی کی قیادت میں مظاہرین نے چیف الیکشن کمشنر گیانیش کمار کے استعفے، ان کی گرفتاری اور ان کے متنازع فیصلوں کی منسوخی کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے ان اقدامات کے ذمہ دار دیگرافراد خصوصاوزیر اعظم نریندر مودی کے استعفے کا مطالبہ بھی کیا۔ کانگریس کے ورکنگ صدر رمن بھلا نے کہا کہ الیکشن کمیشن کو اپنی آئینی ذمہ داری پوری کرتے ہوئے انتخابی عمل میں شفافیت یقینی بنانی چاہیے اور انتخابی بے ضابطگیوں سے متعلق الزامات کو نظر انداز نہیں کیا جاسکتا۔ مظاہرین نے علامتی ہتھکڑیاں اور چیف الیکشن کمشنر کی تصویر پر مشتمل پوسٹرز بھی اٹھا رکھے تھے۔ جموں کے علاوہ پونچھ، ادھم پور، کٹھوعہ، کشتواڑ، ڈوڈہ، سانبہ، کھوڑ اور دیگر علاقوں میں بھی احتجاجی مظاہرے کیے گئے اور کانگریس کارکنوں نے ڈپٹی کمشنرز کے دفاتر کی جانب مارچ کیا۔ کٹھوعہ میں سابق رکن پارلیمان چودھری لال سنگھ، ٹھاکر ہری سنگھ چِب اور پنکج ڈوگرا نے مارچ کی قیادت کی، جبکہ سابق نائب وزیر اعلی تارا چند نے کھوڑ میں احتجاج کی قیادت کی۔ پونچھ اور ادھم پور میں شہنواز چودھری، بلبیر سنگھ اور سمیت مگوترا سمیت دیگر رہنماؤں نے مظاہروں کی قیادت کی۔ سینئر کانگریس رہنماؤں ملا رام، نیرج کندن، کانتا بھان، ٹی ایس ٹونی، اجے لکھوترا اور ستیش شرما نے بھی احتجاج میں شرکت کی۔ سرینگر، بارہمولہ اور گاندربل میں احتجاجی مظاہروں کی قیادت پون کھیڑا نے ڈاکٹر عادل فاروق میر کے ہمراہ احتجاج کیا۔ مظاہرین نے گیانیش کمار کو عہدے سے ہٹانے اور ان کے خلاف ایف آئی آر درج کرنے کا مطالبہ کیا۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *