محمود اچکزئی سے معروف سیاسی شخصیت ملک اظہر محمود اعوان کی ملاقات،ملک کی موجودہ سیاسی صورتحال پر گفتگو

 راولپنڈی (ویب ڈیسک) قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر محمود خان اچکزئی سے راولپنڈی کی معروف سیاسی و سماجی شخصیت ملک اظہر محمود اعوان نے ملاقات کی جس میں ملک کی موجودہ سیاسی صورتحال، بانی چیئرمین پاکستان تحریک انصاف کی صحت، ان کی رہائی کیلئے کارکنان کی جدوجہد اور سیاسی و جمہوری معاملات سمیت مختلف امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ملاقات کے دوران ملک اظہر محمود اعوان نے بانی چیئرمین تحریک انصاف کی صحت کے حوالے سے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کارکنان اور عوام طویل عرصے سے ان کی صحت اور بہتر طبی سہولیات کیلئے آواز بلند کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کارکنان کی مسلسل محنت، جدوجہد اور پرامن سیاسی کوششیں قابلِ تحسین ہیں۔ملک اظہر محمود اعوان نے سپریم کورٹ کی جانب سے بانی چیئرمین پی ٹی آئی کو طبی معائنے اور علاج کیلئے ہسپتال منتقل کرنے کے حالیہ حکم کو ایک مثبت اور قابلِ تحسین قدم قرار دیتے ہوئے کہا کہ بہتر طبی سہولیات کی فراہمی ان کا بنیادی حق ہے اور سپریم کورٹ کا یہ اقدام اس حوالے سے خوش آئند ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *