مالی بحران کے باعث مستونگ سمیت بلوچستان بھر میں میونسپل سروسز معطل، عوام کو مشکلات کا سامنا

مستونگ(ویب ڈیسک)مالی بحران کے باعث مستونگ سمیت بلوچستان بھر میں میونسپل سروسز معطل، عوام کو مشکلات کا سامنا تفصیلات کے مطابق آل بلوچستان لوکل کونسل فورم کی جانب سے صوبے بھر میں میونسپل سروسز بند کرنے کے اعلان کے بعد آج مستونگ میں بھی میونسپل کمیٹی کی جانب سے بلدیاتی خدمات معطل کر دی گئیں، جس کے باعث شہریوں کو مختلف مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔آل بلوچستان لوکل کونسل فورم کے صوبائی رہنماؤں کے مطابق میونسپل سروسز کی بندش کا بنیادی سبب صوبائی حکومت کی جانب سے لوکل کونسل فنانس کمیشن (LCFC) کا اجلاس تاحال منعقد نہ کرنا ہے، جس کے باعث بلوچستان بھر کی لوکل کونسلز شدید مالی بحران کا شکار ہو کر عملی طور پر مفلوج ہو چکی ہیں۔ لوکل کونسل فنانس کمیشن کا اجلاس بروقت منعقد نہ ہونے کی وجہ سے بلدیاتی اداروں کو نان سیلری فنڈز، ترقیاتی منصوبوں کے لیے مختص رقوم اور دیگر مالی وسائل کی فراہمی کا نظام متاثر ہوا ہے، جس کے نتیجے میں میونسپل کمیٹیاں اور دیگر بلدیاتی ادارے اپنے فرائض مؤثر انداز میں انجام دینے سے قاصر ہیں۔مستونگ میں میونسپل سروسز کی بندش کے بعد صفائی ستھرائی، کوڑا کرکٹ کی منتقلی، نکاسی آب اور دیگر شہری سہولیات کے متاثر ہونے کا خدشہ پیدا ہو گیا ہے۔ شہری حلقوں نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ اگر یہ صورتحال برقرار رہی تو شہر میں صفائی کے مسائل مزید سنگین ہو سکتے ہیں۔آل بلوچستان لوکل کونسل فورم کے ترجمان نے کہا کہ بلدیاتی ادارے عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی کے لیے قائم کیے گئے ہیں، لیکن حکومت کی جانب سے مالی معاملات کو مسلسل نظر انداز کیے جانے کے باعث یہ ادارے شدید مشکلات سے دوچار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کے اس طرز عمل نے گڈ گورننس کے دعوؤں پر بھی سوالات کھڑے کر دیے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ فورم کی جانب سے اس مسئلے کے حل کے لیے حکومت کو پہلے ہی متعدد بار آگاہ کیا گیا تھا اور مطالبات کی منظوری کے لیے مناسب وقت بھی دیا گیا، تاہم تاحال لوکل کونسل فنانس کمیشن کا اجلاس طلب نہیں کیا گیا۔ میونسپل سروسز کی بندش کا مقصد عوام کو مشکلات میں مبتلا کرنا نہیں بلکہ حکومت کی توجہ بلدیاتی اداروں کو درپیش سنگین مالی بحران کی جانب مبذول کرانا ہے۔آل بلوچستان لوکل کونسل فورم نے صوبائی حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ فوری طور پر لوکل کونسل فنانس کمیشن کا اجلاس طلب کرکے بلدیاتی اداروں کے زیر التوا فنڈز جاری کیے جائیں اور لوکل کونسلز کو مالی طور پر مستحکم بنانے کے لیے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کیے جائیں۔فورم نے خبردار کیا ہے کہ اگر حکومت نے فوری اقدامات نہ کیے تو آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کیا جائے گا۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *