فلم ڈر میں شاہ رخ خان کا راہول کا کردار مجھے دیا گیا تھا، سودیش بیری

ممبئی (شوبزڈیسک)بالی ووڈ کے معروف اداکار سودیش بیری نے انکشاف کیا ہے کہ 1993 کی مقبول فلم ڈر میں راہول مہرا کا کردار ادا کرنے کےلئے شاہ رخ خان پہلی پسند نہیں تھے بلکہ یہ کردار ابتدائی طور پر مجھے دیا گیا تھا۔66سالہ اداکار سودیش بیری کو 1990 کی فلم گھائل میں اپنی اداکاری کے باعث خاصی پذیرائی ملی تھی، انہوں نے حال ہی میں ایک پوڈکاسٹ میں گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ مجھے آخری وقت میں فلم سے کیوں الگ کیا گیا۔سودیش بیری کے مطابق فلم کے اختتام کے قریب ایک منظر میں میرے کردار کو دوسرے شخص کو مکے مارتے ہوئے دکھایا جانا تھا، پروڈیوسر اور ہدایت کار یش چوپڑا کو خدشہ تھا کہ یہ منظر ایسا محسوس ہو گا جیسے ایک بڑے اداکار کو سودیش بیری مکے مار رہے ہیں، اسی وجہ سے مجھے فلم سے ہٹا دیا گیا۔اداکار نے کہا کہ مجھے یہ بات بعد میں معلوم ہوئی اور میں نے آج تک فلم نہیں دیکھی، یش چوپڑا ایک تخلیق کار ہونے کے ساتھ ساتھ اپنے کام کے حوالے سے بہت جذباتی بھی تھے اور یہی جذبہ انہیں بہترین فلمیں بنانے میں مدد دیتا تھا۔ انہوں نے کہا کہ شاہ رخ خان کا کیریئر غیر معمولی رہا ہے اور وہ قسمت کے ان لوگوں میں شامل ہیں جنہیں کامیابی اور خوش قسمتی دونوں نصیب ہوئی۔سودیش بیری نے کہا کہ ہر شخص نے کامیابی کے لیے محنت کی، میں نے خود بھی بہت محنت کی، لیکن کچھ لوگ خوش قسمت اور بابرکت بھی ہوتے ہیں۔یش چوپڑا کی ہدایت کاری میں بننے والی فلم ڈر 1993 میں ریلیز ہوئی تھی جس نے باکس آفس پر کامیابی حاصل کی تھی، یہ فلم شاہ رخ خان کے کیریئر میں ایک اہم موڑ ثابت ہوئی اور ان کے منفی کردار کو ناظرین کی جانب سے بے حد پسند کیا گیا۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *