ضلعی انتظامیہ عوامی مسائل کے حل کے لیے ہر ممکن اقدامات اٹھا رہی ہے، ایس ایس پی سیوی عبدالحمید

کوئٹہ(ویب ڈیسک)وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی اور چیف سیکرٹری بلوچستان کی خصوصی ہدایت پر سرکٹ ہاؤس سیوی میں ڈپٹی کمشنر سیوی میجر (ر) الیاس کبزئی کی صدارت میں خواتین کے لیے خصوصی کھلی کچہری کا انعقاد کیا گیا۔ کھلی کچہری میں ایس ایس پی سیوی عبدالحمید، اسسٹنٹ کمشنر سیوی عمران مندوخیل، مختلف محکموں کے افسران اور خواتین کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر سیوی نے کہا کہ اسلامی قوانین ہوں یا سپریم کورٹ آف پاکستان کے فیصلے، دونوں میں خواتین کے حقوق کو اولین ترجیح حاصل ہے۔ انہوں نے کہا کہ کھلی کچہری بلانے کا مقصد یہی تھا کہ عوامی مسائل کا جو پہلو نظرانداز رہ جاتا ہے، اسے براہِ راست سن کر حل کیا جائے۔ کھلی کچہری میں خواتین نے اپنے مسائل ڈپٹی کمشنر کے سامنے بیان کیے اور تحریری درخواستیں بھی جمع کروائیں۔ ڈپٹی کمشنر نے متعدد قابلِ حل مسائل موقع پر ہی نمٹا دیے، ڈپٹی کمشنر سیوی نے کہا کہ اس نوعیت کی کھلی کچہریاں آئندہ بھی تسلسل کے ساتھ منعقد کی جاتی رہیں گی تاکہ عوام، بالخصوص خواتین کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جا سکے اور انتظامیہ اور عوام کے درمیان براہِ راست رابطے کو مزید مؤثر بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ عوامی مسائل کے حل کے لیے ہر ممکن اقدامات اٹھا رہی ہے اور کسی بھی مسئلے کو نظرانداز نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے بلوچستان اسپیشل ڈویلپمنٹ انیشیٹو (BSDI) کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ صوبائی حکومت کے اس اہم منصوبے کے تحت ضلع سیوی میں تعلیم، صحت، پینے کے صاف پانی اور دیگر بنیادی سہولیات کی فراہمی کے لیے وسیع پیمانے پر ترقیاتی منصوبے مکمل کیے گئے ہیں، جن سے علاقے کے عوام کو براہِ راست فائدہ پہنچ رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ حکومتِ بلوچستان عوام کی فلاح و بہبود کے لیے پْرعزم ہے اور اس مقصد کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *