صدر اے سی سی محسن نقوی کا ایشین گیمز کے پاک بھارت فائنل میں شرکت نہ کرنے کا فیصلہ

دبئی(سپورٹس ڈیسک) ایشین کرکٹ کونسل (اے سی سی) کے صدر محسن نقوی ایشین گیمز کے مینز کرکٹ مقابلے کی میڈل تقریب میں شرکت نہیں کریں گے، جو ہفتے کو نشین کے کوروجی اسپورٹس پارک میں روایتی حریف پاکستان اور بھارت کے درمیان ہونے والے سنسنی خیز فائنل کے بعد منعقد ہوگی۔ ایشین گیمز 2026 کے مینز کرکٹ ایونٹ کا فائنل آج پاکستان اور بھارت کی ٹیموں کے درمیان کھیلا جائے گا۔ایشین کرکٹ کونسل کے مطابق صدر اے سی سی پہلے سے طے شدہ مصروفیات کے باعث فائنل ڈے پر شرکت نہیں کر سکیں گے۔ایشین کرکٹ کونسل کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ پہلے سے کی گئیں کمٹمنٹس کی وجہ سے محسن نقوی ایشین گیمز کے لیے نہیں جاسکیں گے۔البتہ انہوں نے ایشین گیمز میں میڈلسٹ ٹیموں کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔یاد رہے کہ گزشتہ سال مینز ٹی ٹوئنٹی ایشیا کپ جیتنے کے بعد بھارتی ٹیم نے محسن نقوی سے ٹرافی اور میڈلز وصول کرنے سے انکار کردیا تھا، جو ایشین کرکٹ کونسل کے صدر ہونے کے ساتھ ساتھ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین بھی ہیں۔بھارتی ٹیم کے انکار کے باعث ابتدا میں اختتامی تقریب میں تاخیر ہوئی، بعد ازاں فاتح ٹیم کو ٹرافی دیے بغیر ہی تقریب اختتام پذیر ہوگئی۔ایسا ہی ایک واقعہ گزشتہ اتوار کو اے سی سی ویمنز ٹی20 ایشیا کپ کے فائنل کے بعد بھی پیش آیا، جب بھارتی ٹیم نے فائنل میں دفاعی چیمپئن سری لنکا کو شکست دے کر ٹورنامنٹ کی چیمپئن بننے کے باوجود محسن نقوی سے ٹرافی وصول کرنے سے انکار کردیا تھا۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *