صدرِ مملکت کا بڑا فیصلہ: رابطہ عالمِ اسلامی کے سربراہ ڈاکٹر محمد بن عبدالکریم العیسیٰ کے لیے پاکستان کے اعلیٰ ترین اعزاز ‘نشانِ خدمت’ کی منظوری

اسلام آباد ویب ڈسک ،صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے رابطہ عالمِ اسلامی کے سیکرٹری جنرل ڈاکٹر محمد بن عبدالکریم العیسیٰ کو پاکستان کے اعلیٰ ترین سول اعزازات میں سے ایک “نشانِ خدمت” دینے کی منظوری دی ہے۔
ڈاکٹر محمد بن عبدالکریم العیسیٰ کو یہ اعزاز دنیا بھر میں بین المذاہب ہم آہنگی اسلام کے حقیقی اور پرامن تشخص (اعتدال پسندی) کے فروغ، اور امتِ مسلمہ کو متحد کرنے کے لیے ان کی طویل اور انتھک عالمی خدمات کے اعتراف میں دیا جا رہا ہے۔ڈاکٹر محمد بن عبدالکریم العیسیٰ کا شمار عالمِ اسلام کی چند بااثر ترین علمی اور سفارتی شخصیات میں ہوتا ہے۔ پاکستان کے ساتھ ان کے گہرے روابط ہیں اور وہ ماضی میں پاکستان کے دورے بھی کر چکے ہیں، جہاں انہوں نے سیرت النبی ﷺ کانفرنسز سے خطاب اور اعلیٰ ریاستی قیادت سے ملاقاتیں کی تھیں۔حکومتِ پاکستان اور ایوانِ صدر کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق، رابطہ عالمِ اسلامی کے سربراہ کی خدمات نے نہ صرف مسلم ممالک بلکہ غیر مسلم دنیا میں بھی اسلاموفوبیا کے خاتمے اور مکالمے کی ثقافت کو عام کرنے میں کلیدی کردار ادا کیا ہے، اسی لیے وہ اس قومی اعزاز کے حقدار ٹھہرے ہیں۔یہ اعزاز پاکستان اور سعودی عرب سمیت پورے عالمِ اسلام کے مابین برادرانہ اور ثقافتی تعلقات کی مضبوطی کی ایک اور کڑی ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *