صحت اور ذہنی تازگی کا بڑا راز فاش! ڈاکٹر نعیم زرکون کے بیان نے سب کو حیران کر دیا

کوئٹہ(ویب ڈیسک)پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن بلوچستان کے صدر ڈاکٹر نعیم زرکون نے کہا ہے کہ کھیل نہ صرف جسمانی صحت بلکہ ذہنی تازگی، باہمی روابط، ٹیم ورک اور ڈاکٹرز کے درمیان مثبت ماحول کے فروغ میں بھی اہم کردار ادا کرتے ہیں نوجوان ڈاکٹرز کی جانب سے منعقدہ کھیلوں کی یہ سرگرمی ایک بہترین، صحت مندانہ اور قابلِ تحسین اقدام ہے یہ بات انہوں نے پیر کو ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن بلوچستان کی Liga de Medicosگرینڈ فائنل تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔تقریب میں پی ایم اے بلوچستان کی جانب سے جنرل سیکریٹری ڈاکٹر زرک محمد شاہی، جوائنٹ سیکریٹری ڈاکٹر احمد عباس اور ترجمان ڈاکٹر عبداللہ وردگ نے شرکت کی  اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل اسپورٹس ڈاکٹر یاسر بازئی بطور مہمانِ خصوصی شریک ہوئے۔ پی ایم اے بلوچستان کی جانب سے ڈاکٹر یاسر بازئی کی شرکت، حوصلہ افزائی اور اس موقع پر کھیلوں کی سرگرمیوں کے حوالے سے کیے گئے اعلانات کو سراہا گیا۔ڈاکٹر نعیم زرکون نے کہا کہ اس ایونٹ کا انعقاد ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن بلوچستان نے اپنی مدد آپ کے تحت، بغیر کسی اسپانسرشپ کے کیا، جو نوجوان ڈاکٹرز کے عزم اور مثبت سرگرمیوں کے فروغ کے جذبے کی عکاسی کرتا ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ مستقبل میں اسپورٹس ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے ڈاکٹرز اور طبی برادری کے لیے منعقد ہونے والی ایسی صحت مندانہ سرگرمیوں کو باقاعدہ سرپرستی، اسپانسرشپ اور ضروری سہولیات فراہم کی جائیں گی تاکہ اس طرح کے پروگرام مزید بڑے پیمانے پر منعقد ہو سکیں۔صدر پی ایم اے بلوچستان نے ڈاکٹر یاسر بازئی اور اسپورٹس ڈیپارٹمنٹ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ مہمانِ خصوصی کی جانب سے آئندہ کھیلوں کی سرگرمیوں کے لیے تعاون اور حوصلہ افزائی کے اعلانات خوش آئند ہیں۔ پی ایم اے بلوچستان توقع رکھتی ہے کہ اسپورٹس ڈیپارٹمنٹ مستقبل میں ڈاکٹرز اور نوجوان طبی عملے کے لیے کھیلوں سمیت دیگر صحت مندانہ سرگرمیوں کے انعقاد میں بھرپور تعاون اور سرپرستی کرے گا۔انہوں نے ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن بلوچستان (YDA بلوچستان) کی کابینہ اور منتظمین کو کامیاب انعقاد پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ پی ایم اے بلوچستان ڈاکٹرز کے درمیان اتحاد، بھائی چارے اور صحت مند سرگرمیوں کے فروغ کے لیے ہر مثبت کوشش کی بھرپور حوصلہ افزائی کرے گی۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *