سیوی میں یومِ آزادی کی پروقار پرچم کشائی تقریب، ضلعی افسران اور شہریوں کی بھرپور شرکت

سیوی ( ویب ڈیسک)یومِ آزادی پاکستان کے موقع پر سرکٹ ہاؤس سیوی میں ایک پروقار پرچم کشائی تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں قومی جوش و جذبے کے ساتھ آزادی کا جشن منایا گیا۔ تقریب کے مہمانِ خصوصی کمشنر سیوی ڈویڑن اسد اللہ فیض نے قومی پرچم لہرایا۔تقریب میں ڈی آئی جی پی سیوی رینج میر پرویز خان عمرانی، کمانڈنٹ سیوی اسکاؤٹس کرنل منیر احمد سلطان، ڈپٹی کمشنر سیوی میجر (ر) الیاس کبزئی،قبائلی رہنماؤں میر حیر بیار خان ڈومکی، میر روحیل خان ڈومکی، ایس ایس پی سیوی عبدالحمید، اسسٹنٹ کمشنر سیوی منصور علی شاہ، اسسٹنٹ کمشنر بختیار آباد میر بہادر خان بنگلزئی، چیئرمین میونسپل کمیٹی سردار محمد خان خجک، ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر سیوی عبدالستار لانگو سمیت ضلعی افسران، اقلیتی برادری اور شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔پرچم کشائی کے موقع پر پولیس کے چاق و چوبند دستے نے قومی پرچم کو سلامی پیش کی، جبکہ سائرن بجا کر ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی۔ اس موقع پر قومی یکجہتی اور یومِ آزادی کی خوشی کے اظہار کے طور پر کبوتروں اور رنگ برنگے غباروں کو فضا میں چھوڑا گیا۔یومِ آزادی کی مناسبت سے مون سون شجرکاری مہم کے تحت کمشنر سیوی ڈویڑن اسد اللہ فیض، ڈی آئی جی پی سیوی رینج میر پرویز خان عمرانی، کمانڈنٹ سیوی اسکاؤٹس کرنل منیر احمد سلطان، قبائلی رہنماؤں میر حیر بیار خان ڈومکی، میر روحیل خان ڈومکی اور چیئرمین میونسپل کمیٹی سردار محمد خان خجک نے پودے بھی لگائے۔تقریب کے اختتام پر وطنِ عزیز کی سلامتی، ترقی، خوشحالی اور استحکام کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔ شرکاء  نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان کی ترقی، امن اور خوشحالی کے لیے اپنی ذمہ داریاں بھرپور انداز میں ادا کرتے رہیں گے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *