سیاسی اختلافات کو طاقت، دھونس اور دھمکیوں کے ذریعے دبانا کسی صورت قابلِ قبول نہیں،پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی

کوئٹہ (ویب ڈیسک) پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی نے اسلام آباد میں جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کی رہائش گاہ پر حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اسے گھر کے تقدس، چادر و چار دیواری اور پشتون قومی روایات کی کھلی پامالی قرار دیا ہے۔ پارٹی کے جاری کردہ بیان میں حکومت اور متعلقہ اداروں سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ واقعے کی غیر جانبدارانہ تحقیقات کرائی جائیں، ذمہ داروں کو قانون کے مطابق سزا دی جائے اور مولانا فضل الرحمان کی سیاسی و جمہوری سرگرمیوں پر عائد پابندیاں فوری ختم کی جائیں۔بیان میں کہا گیا کہ مولانا فضل الرحمان ملک کے ایک اہم سیاسی و عوامی رہنما ہیں، ان کی سیاسی سرگرمیوں، جلسوں اور اجتماعات کو روکنا اور انہیں اپنے سیاسی مؤقف کے اظہار سے محروم کرنے کی کوششیں آئین، قانون، جمہوری اصولوں اور عوام کے بنیادی سیاسی حقوق کی صریح خلاف ورزی ہیں۔ سیاسی اختلافات کو طاقت، دھونس اور دھمکیوں کے ذریعے دبانا کسی صورت قابلِ قبول نہیں۔بیان میں مزید کہا گیا کہ پشتونخوا وطن اور بلوچستان کے موجودہ نامساعد سیاسی اور امن و امان کے حالات میں سیاسی رہنماؤں کی آواز دبانے اور ان کی سرگرمیوں کو محدود کرنے کی کوششیں انتہائی تشویش ناک ہیں۔ عوام کے قومی، سیاسی اور جمہوری حقوق کے لیے آواز بلند کرنے والے رہنماؤں کو دباؤ کے ذریعے خاموش کرنے کے بجائے ان کے مؤقف کو جمہوری انداز میں سنا جانا چاہیے۔پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی نے تمام جمہوری اور قومی سیاسی قوتوں سے اپیل کی کہ وہ مولانا فضل الرحمان کے سیاسی و جمہوری حقوق کے دفاع میں آواز بلند کریں اور آئین، قانون، سیاسی آزادیوں اور جمہوری اقدار کے تحفظ کے لیے مشترکہ مؤقف اختیار کریں

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *