راولپنڈی، اسلام آباد میں موسلا دھار بارش، واسا راولپنڈی ہائی الرٹ۔۔

اسلام آباد [ویب ڈیسک]راولپنڈی، اسلام آباد میں موسلا دھار بارش، واسا راولپنڈی ہائی الرٹ۔جڑواں شہروں میں موسلا دھار بارش کا سلسلہ جاری ہے، جس کے باعث واسا راولپنڈی نے ہائی الرٹ کرتے ہوئے رین ایمرجنسی نافذ کر دی ہے۔ منیجنگ ڈائریکٹر واسا عزیز اللہ خان کے مطابق موجودہ مون سون سیزن کا یہ اب تک کا سب سے ہیوی اسپیل ہے اور مجموعی طور پر 140 ملی میٹر سے زائد بارش ریکارڈ کی جا چکی ہے۔نشیبی علاقوں میں واسا کا عملہ اور ہیوی مشینری تعینات کر دی گئی ہے۔ لیاقت باغ، کمیٹی چوک انڈر پاس، مری روڈ اور صادق آباد کے نشیبی علاقوں میں نکاسی آب کے لیے ہیوی مشینری موجود ہے، جبکہ سٹی صدر روڈ، ڈھوک کھبہ، ملت کالونی اور آریہ محلہ میں بھی نکاسی آب کا عملہ اور مشینری فعال ہے۔نالہ لئی اور شہر بھر کے نالوں کی مسلسل مانیٹرنگ کی جا رہی ہے۔ نالہ لئی میں کٹاریاں کے مقام پر پانی کی سطح 20 فٹ جبکہ گوالمنڈی پل پر 17 فٹ ریکارڈ کی گئی ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق سیدپور میں 9، گولڑہ میں 145، بوکرہ میں 134، پی ایم ڈی میں 48، شمس آباد میں 47، کچہری میں 61، پیرودھائی میں 106، گوالمنڈی میں 79 جبکہ نیو کٹاریاں میں 78 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ہے۔ ایم ڈی واسا عزیز اللہ خان خود نکاسی آب کے آپریشن کی نگرانی کر رہے ہیں اور تمام متعلقہ عملہ و مشینری فیلڈ میں موجود ہے۔ واسا حکام نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری طور پر واسا ہیلپ لائن سے رابطہ کریں

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *