دہشتگردوں کی مالی معاونت کیس،رؤف حسن کی وکیل کی میڈیا کے اخراج کی درخواست مسترد

 اسلام آباد (ویب ڈیسک)انسداد دہشتگردی کی عدالت نے دہشتگردوں کی مالی معاونت کیس میں رؤف حسن کی وکیل کی میڈیا کے اخراج کی درخواست مسترد کر دی۔اسلام آباد کی انسدادِ دہشت گردی کی عدالت میں پی ٹی آئی رہنما رؤف حسن اور احمد وقاص جنجوعہ کے خلاف دہشت گردوں کی مالی معاونت کے کیس کی سماعت انسدادِ دہشت گردی کی عدالت کے جج طاہر عباس سپرا نے کی۔رؤف حسن اپنی وکیل عائشہ خالد کے ہمراہ عدالت میں پیش ہوئے اس موقع پر وکیل عائشہ خالد نے عدالت میں موجود میڈیا نمائندگان کو باہر نکالنے کی استدعا کی۔جج طاہر عباس سپرا نے اپنے ریمارکس میں کہا کہ میں کبھی میڈیا نمائندگان کو عدالت سے باہر نہیں نکالوں گا اور نہ ہی میڈیا کے عدالت میں آنے پر پابندی لگاؤنگا۔رؤف حسن کی وکیل عائشہ خالد نے استدعا کی کہ اگر میڈیا کو باہر نہیں نکالنا تو عدالت میں موبائل فون کے استعمال پر پابندی عائد کر دی جائے۔جج طاہر عباس سپرا نے کہا کہ صحافی گواہ ہوتے ہیں کہ عدالت میں کیا کارروائی ہو رہی ہے۔عدالت نے استغاثہ کو گواہوں کے بیانات ریکارڈ کروانے کی ہدایت کر دی۔ واضح رہے کہ رؤف حسن اور احمد وقاص جنجوعہ کے خلاف مقدمہ تھانہ رمنا میں درج ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *