Physical Address
Office NO. 3, Floor 1, Arshad Durrani Building, Alamdar Road.
Quetta, Balochistan | 87300
Physical Address
Office NO. 3, Floor 1, Arshad Durrani Building, Alamdar Road.
Quetta, Balochistan | 87300
خضدار (ویب ڈیسک) کمشنر خضدار ڈویژن قادر بخش پرکانی کی زیر صدارت سڑکوں کی بندش اور بالخصوص تحصیل وڈھ میں طویل روڈ بندش کے تدارک کے حوالے سے ایک اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا۔اجلاس میں ڈی آئی جی خضدار رینج وزیر خان ناصر، ڈپٹی کمشنر خضدار عبدالرزاق ساسولی، کمانڈنٹ قلات اسکاؤٹس عرفان بنگش، ایس ایس پی خضدار دوستین دشتی، اسسٹنٹ کمشنر وڈھ اکبر علی مزارزئی سمیت دیگر اعلیٰ آفیشلز نے شرکت کی۔اجلاس میں شہری حلقوں کی نمائندگی کرتے ہوئے چیئرمین آل پارٹیز شہری ایکشن کمیٹی خضدار بشیر احمد جتک، جنرل سیکرٹری عبدالقدیر زہری، مولانا محمد اسحاق شاہوانی، میر عبدالرحمان زہری، حافظ حمید اللہ مینگل، جمعہ خان شکرانی، میر اشرف علی مینگل، سفر خان مینگل، منیر احمد زہری، میر ادریس زہری، ایڈووکیٹ غلام نبی مینگل، پیپلز پارٹی کے رہنما ڈاکٹر عبدالحق موسیانی اور میر زید مینگل سمیت دیگر شریک رہے۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کمشنر خضدار ڈویڑن قادر بخش پرکانی نے کہا کہ سڑک بند ہونے سے پورا نظام مفلوج ہو کر رہ جاتا ہے، مسافر پریشان ہوتے ہیں اور کاروباری سرگرمیاں رک جاتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس حوالے سے صوبائی حکومت کی واضح ہدایات ہیں کہ اب روڈ بند نہیں ہونے دیا جائے گا اور اگر کہیں روڈ بند کیا گیا تو حکومت فوری طور پر حرکت میں آئے گی اور تمام قانونی اختیارات استعمال کیے جائیں گے۔ڈی آئی جی خضدار رینج وزیر خان ناصر نے کہا کہ روڈ بند کرنا کسی مسئلے کا حل نہیں ہے، حکومت کی ہدایات پر عملدرآمد ناگزیر ہے اور ہر صورت میں قانون اپنا راستہ لے گا۔ انہوں نے کہا کہ کسی کو زمین کا مسئلہ ہو تو وہ شاہراہ پر آ کر روڈ بند کر دیتا ہے، اس طرح کے اقدامات نظام میں خلل ڈالنے کے مترادف ہیں جو کسی صورت قابل برداشت نہیں۔اس موقع پر چیئرمین آل پارٹیز شہری ایکشن کمیٹی بشیر احمد جتک، مولانا محمد اسحاق شاہوانی، میر عبدالرحمان زہری، سفر خان مینگل اور ایڈووکیٹ غلام نبی مینگل نے بھی خطاب کیا۔ انہوں نے کہا کہ لوگ بلا وجہ یا کسی مقابلے کیلئے روڈ بند نہیں کرتے بلکہ انصاف نہ ملنے پر مجبور ہو کر سڑکوں پر آتے ہیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ متاثرہ ورثاء کو مطمئن کیا جائے تاکہ وہ احتجاجاً روڈ بند کرنے پر مجبور نہ ہوں، امن و امان کی صورتحال بہتر بنائی جائے اور عوام و اسٹیک ہولڈرز کی بات سنی جائے۔پیپلز پارٹی کے رہنما ڈاکٹر عبدالحق موسیانی نے کہا کہ وڈھ کی صورتحال سب کے سامنے ہے، ایک جانب محب وطن پاکستانی ہیں جو مسلسل آئین پاکستان کے ساتھ کھڑے ہیں، وفاداری کا مظاہرہ کر رہے ہیں اور قومی اداروں کے ساتھ مکمل تعاون کر رہے ہیں۔آخر میں ڈپٹی کمشنر خضدار عبدالرزاق ساسولی نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ روڈ بندش کا رجحان سب سے زیادہ تحصیل وڈھ میں پایا جاتا ہے اور یہاں کی سیاسی جماعتوں کے نمائندے اجلاس میں موجود ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ اپنی جماعتوں اور قائدین سے بات چیت کریں تاکہ مشترکہ تعاون سے روڈ بندش کے اس رجحان کا خاتمہ کیا جا سکے۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ڈپٹی کمشنر خضدار اور ایس ایس پی خضدار کے دفاتر میں عوامی رابطہ اور مذاکراتی ڈیسک قائم کیا جائے گا تاکہ کسی بھی مسئلے کی صورت میں فوری مذاکرات کے ذریعے روڈ بندش سے بچا جا سکے۔