خصوصی مہم کے دوران دو سال سے پانچ سال تک کی عمر کے بچوں کو پیٹ کی بیماریوں سے بچاؤ کی ادویات دی جائیں گی، ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر عبدالقادر ہارون

سیوی(ویب ڈیسک) محکمہ صحت سیوی کے زیر اہتمام ماں اور بچے کی صحت اور چائلڈ پروٹیکشن کے حوالے سے ایک روزہ سیمینار منعقد ہوا، جس کی صدارت ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر سیوی ڈاکٹر عبدالقادر ہارون نے کی۔سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر عبدالقادر ہارون نے کہا کہ 14 ستمبر سے 20 ستمبر تک ضلع سیوی میں ماں اور بچے کی صحت کے حوالے سے خصوصی مہم شروع کی جا رہی ہے، جس کے دوران دو سال سے پانچ سال تک کی عمر کے بچوں کو پیٹ کی بیماریوں سے بچاؤ کی ادویات دی جائیں گی، جبکہ پیدائش سے دو سال تک کی عمر کے بچوں کو معمول کے مطابق حفاظتی ویکسینیشن کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ اس مہم کا مقصد بچوں کو مختلف بیماریوں سے محفوظ رکھنا اور والدین بالخصوص خواتین میں بچوں کی صحت، صفائی اور مناسب نگہداشت کے حوالے سے شعور اجاگر کرنا ہے۔سیمینار میں ایم ایس ٹیچنگ ہسپتال ڈاکٹر جہانزیب بلوچ، شعیب خجک، مس بانو ارباب، مسز رضیہ سموں، ساجدہ سفر، سکینہ شاہ، آمنہ ہاشم، زیشان، امیر، پریس کلب سیوی کے صدر حاجی سعید الدین طارق، سینئر نائب صدر سلیم گشکوری، آل پاکستان میڈیا کے رہنما قادر لونی سمیت لیڈی ہیلتھ ورکرز کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔سیمینار سے ڈاکٹر جہانزیب بلوچ، شعیب خجک اور مسز رضیہ سمو ں نے بھی خطاب کیا۔ مقررین نے کہا کہ حکومت بلوچستان کی جانب سے سال میں دو مرتبہ اس نوعیت کے سیمینارز اور آگاہی سرگرمیوں کا انعقاد ایک مثبت اقدام ہے، جس کے ذریعے خواتین کو بچوں کی صحت، صفائی اور مختلف بیماریوں سے بچاؤ کے حوالے سے آگاہی فراہم کی جاتی ہے۔مقررین نے کہا کہ ضلع سیوی میں ایک ہفتے تک ہیلتھ ورکرز شہری اور دیہی علاقوں میں گھر گھر جا کر خواتین کو بچوں میں پیٹ کے کیڑوں اور دیگر بیماریوں سے بچاؤ کے حوالے سے آگاہی فراہم کریں گی، جبکہ سکولوں، مدارس، گلیوں اور محلوں میں بھی خصوصی آگاہی مہم چلائی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ ایک تعلیم یافتہ اور باشعور ماں ہی اپنے بچے کی بہتر نگہداشت اور صحت کا مکمل خیال رکھ سکتی ہے، تاہم دیہی علاقوں میں خواتین گھریلو امور کے ساتھ ساتھ کھیتوں میں بھی کام کرتی ہیں، جس کے باعث بعض اوقات وہ بچوں کی مناسب دیکھ بھال نہیں کر پاتیں۔ مقررین نے کہا کہ بعض بچے پیدائشی طور پر کمزور ہوتے ہیں اور مناسب دیکھ بھال نہ ہونے کے باعث مختلف بیماریوں کا شکار ہو سکتے ہیں، اس لیے والدین میں آگاہی انتہائی ضروری ہے۔سیمینار کے اختتام پر ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر عبدالقادر ہارون اور ایم ایس ٹیچنگ ہسپتال ڈاکٹر جہانزیب بلوچ کی قیادت میں ماں اور بچے کی صحت کے حوالے سے آگاہی واک بھی نکالی گئی، جس میں ہیلتھ ورکرز اور دیگر شرکاء  نے شرکت کی۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *