جھل مگسی میں مسجد کے پیش امام فائرنگ سے جاں بحق، پولیس نے تحقیقات شروع کر دیں

گنداواہ جھل مگسی (این این آئی)ضلع جھل مگسی کے علاقے گوٹھ راہیجہ محمدانی میں ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا، جہاں نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ سے ایک مسجد کے پیش امام جاں بحق ہو گئے۔ذرائع کے مطابق مقتول کی شناخت غازی خان ولد محمد بخش کھوسہ کے نام سے ہوئی ہے، جو ضلع قمبر شہدادکوٹ (سندھ) کے رہائشی تھے اور گزشتہ کچھ عرصے سے گوٹھ راہیجہ محمدانی کی مقامی مسجد میں بطور پیش امام فرائض انجام دے رہے تھے۔ بتایا جاتا ہے کہ نامعلوم حملہ آوروں نے کلاشنکوف سے اندھا دھند فائرنگ کر کے انہیں قتل کر دیا اور موقع سے فرار ہو گئے۔واقعے کی اطلاع ملتے ہی ڈی ایس پی جھل مگسی سرکل، ایس ایچ او جھل مگسی سٹی اور پولیس کی بھاری نفری فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچ گئی۔ پولیس نے لاش کو اپنی تحویل میں لے کر ضروری قانونی کارروائی کے لیے رورل ہیلتھ سینٹر جھل مگسی منتقل کر دیا۔پولیس نے جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کر کے واقعے کی تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے، جبکہ حملہ آوروں کی تلاش کے لیے مختلف پہلوؤں سے تفتیش جاری ہے۔ واقعے کے محرکات تاحال سامنے نہیں آ سکے، تاہم پولیس کا کہنا ہے کہ تحقیقات کو ہر زاویے سے آگے بڑھایا جا رہا ہے اور ملزمان کو جلد قانون کی گرفت میں لانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *