جعفرآباد میں مویشیوں کو اندرونی پیراسائٹس ( کیڑوں ) اور مختلف بیماریوں سے محفوظ رکھنے کے لیے ڈی ورمنگ و ویکسینیشن مہم کا آغاز کر دیاگیا

ڈیرہ اللہ یار ( این این آئی ) خوراک و زراعت کی عالمی تنظیم نے محکمہ لائیو اسٹاک بلوچستان کے اشتراک سے ضلع جعفرآباد میں مویشیوں کو اندرونی پیراسائٹس ( کیڑوں ) اور مختلف بیماریوں سے محفوظ رکھنے کے لیے ڈی ورمنگ و ویکسینیشن مہم کا آغاز کر دیا ، مہم کے دوران گاوں گاوں اور مویشی مراکز پر جانوروں کو مفت ڈی ورمنگ ادویات اور حفاظتی ویکسین فراہم کی جا رہی ہیں ، تاکہ مویشیوں کی صحت بہتر بنائی جا سکے ، دودھ اور گوشت کی پیداوار میں اضافہ ہو اور مالدار حضرات کو معاشی فائدہ حاصل ہو ،اس موقع پر محکمہ حیوانات کے سینئر ویٹرنری آفیسر ڈاکٹر محمد اکرم کھوسہ ، ڈاکٹر عبدالحمید، ڈاکٹر نصیب اللہ ، ایف اے او کے نمائندے نیک محمد بلوچ سمیت یونین کونسل جھڈیر کے چیئرمین میر عبدالوہاب بگٹی و دیگر بھی موجود تھے اس موقع پر ڈاکٹر محمد اکرم کھوسہ نے کہا کہ مویشی بلوچستان کی معیشت کا اہم ستون ہیں ، ان کی بروقت ویکسینیشن اور ڈی ورمنگ سے نہ صرف جانور مختلف بیماریوں سے محفوظ رہتے ہیں بلکہ ان کی افزائش ، صحت اور پیداواری صلاحیت میں بھی نمایاں بہتری آتی ہے ، ایف اے او کے نمائندے نیک محمد بلوچ نے کہا کہ اس مہم کا مقصد سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں لائیو اسٹاک کے شعبے کو مضبوط بنانا اور مویشی پال حضرات کو بہتر سہولیات فراہم کرنا ہے۔ محکمہ لائیو اسٹاک نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنے جانوروں کو قریبی مہم مراکز پر لا کر مفت علاج ، ویکسینیشن اور ڈی ورمنگ کی سہولت سے ضرور فائدہ اٹھائیں تاکہ ضلع جعفرآباد میں مویشیوں کو بیماریوں سے محفوظ بنایا جا سکے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *