تعلیمی اداروں کے طلباء کو منشیات فروخت کرنے والا گرفتارکوہاٹ پولیس کی کارروائی

کوہاٹ (ویب ڈیسک) کوہاٹ پولیس نے کوہاٹ انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (KIMS) اور کوہاٹ یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کے طلباء کو مبینہ طور پر منشیات فروخت کرنے والے ملزم کو گرفتار کرکے ایک کلو گرام سے زائد چرس اور منشیات کی ترسیل کے لیے استعمال ہونے والی موٹر سائیکل برآمد کرلی۔پولیس ترجمان کے مطابق پولیس کو شکایات موصول ہورہی تھیں کہ ایک شخص موٹر سائیکل پر سوار ہوکر تعلیمی اداروں کے اطراف میں آتا اور چرس کے چھوٹے پیکٹ طلباء کو فروخت کرتا ہے۔ ڈی پی او کوہاٹ ایس ایس پی رائے مظہر اقبال نے معاملے کا سختی سے نوٹس لیتے ہوئے ملزم کی گرفتاری کے احکامات جاری کیے۔ڈی پی او کی ہدایات پر ایس ایچ او تھانہ کینٹ واجد علی نے پولیس نفری کے ہمراہ ملزم کی تلاش شروع کی اور خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر کارروائی کرتے ہوئے مبینہ منشیات فروش اسد کو گرفتار کرلیا۔پولیس کے مطابق گرفتار ملزم طلباء کو فروخت کرنے کے لیے چرس لاتا تھا۔ کارروائی کے دوران اس کے قبضے سے 1,025 گرام چرس برآمد ہوئی جبکہ منشیات کی ترسیل کے لیے استعمال ہونے والی موٹر سائیکل بھی تحویل میں لے لی گئی۔پولیس نے ملزم کو تھانہ کینٹ منتقل کرکے مقدمہ درج کرلیا ہے اور مزید تفتیش جاری ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *