“تربت میں گرین بس سروس شہریوں کے لیے سفری سہولت کے بجائے شدید دردِ سر بن گئی ہے”

تربت (ویب ڈیسک)ضلع کیچ میں گزشتہ ایک ہفتے سے گرین بس سروس کی ناقص کارکردگی اور مسافروں کے ساتھ مبینہ نامناسب رویے پر عوامی حلقوں اور شہریوں نے شدید تشویش کا اظہار کیا ہے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ عوام کو سفری سہولت فراہم کرنے کے لیے شروع کی گئی گرین بس سروس اب سہولت کے بجائے ان کے لیے دردِ سر بن چکی ہے۔عوامی حلقوں کے مطابق گرین بس سروس کو شروع ہوئے تقریباً سات ماہ گزر چکے ہیں، لیکن تاحال اس کے لیے مخصوص معاون عملہ اور مسافروں کی رہنمائی و سہولت کا مناسب انتظام موجود نہیں۔ خواتین، بچوں، بزرگوں اور مریضوں کو سڑکوں کے کنارے دھوپ میں کھڑے ہوکر بسوں کا انتظار کرنا پڑتا ہے، جبکہ بعض اوقات بسیں مسافروں کو دیکھنے کے باوجود نہیں رکتیں۔شہریوں نے بتایا کہ آج بھی تربت شہر سے سیٹلائٹ ٹاؤن جانے والے متعدد مسافروں کو عائشہ مسجد کے قریب راستے میں ہی بس سے اتار دیا گیا، جبکہ گرین بس عملے کا مسافروں کے ساتھ رویہ بھی مبینہ طور پر سخت اور نامناسب تھا۔انہوں نے کہا کہ ایک طرف مڈل کے امتحانات جاری ہیں اور طلبہ و طالبات کے لیے گرین بس سروس آمدورفت کا اہم ذریعہ تھی، مگر اب بسیں طلبہ کو بھی نظرانداز کرتے ہوئے نہیں رکتیں، جس سے انہیں شدید مشکلات کا سامنا ہے۔عوامی حلقوں نے سوال اٹھایا کہ اگر گرین بس سروس عوام کو سفری سہولت فراہم کرنے کے لیے شروع کی گئی ہے تو پھر شہریوں، خصوصاً خواتین، بزرگوں، مریضوں اور طلبہ کو اس سہولت سے محروم کیوں رکھا جارہا ہے؟ انہوں نے مطالبہ کیا کہ اگر یہ سروس چند مخصوص گروہوں کے لیے مختص ہے تو عوامی سہولت کے نام پر اس کا تشہیر نہ کی جائے، بصورت دیگر اسے بند کردیا جائے۔شہریوں نے ڈپٹی کمشنر کیچ، کمشنر مکران ڈویڑن، سیکریٹری ٹرانسپورٹ بلوچستان اور وزیراعلیٰ بلوچستان سے مطالبہ کیا ہے کہ گرین بس سروس کی ناقص کارکردگی، عملے کے رویے، اسٹاپس پر بسوں کے نہ رکنے اور طلبہ سمیت دیگر مسافروں کو درپیش مشکلات کا فوری نوٹس لے کر ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کی جائے اور سروس کو حقیقی معنوں میں عوامی سہولت بنایا جائے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *