بولان میں حکومتی وزراء کے پکنک منانے کے لیے امن میسر ہے مگر عوام کو گیس فراہم کرنے والی پائپ لائن کی مرمت کے لیے سیکیورٹی دستیاب نہیں،مولانا عبدالرحمن رفیق

کوئٹہ (ویب ڈیسک)جمعیت علماء اسلام ضلع کوئٹہ کے امیر شیخ الحدیث مولانا عبدالرحمن رفیق، سیکرٹری جنرل حاجی عین اللہ شمس، سینئر نائب امیر مولانا خورشید احمد، سیکرٹری اطلاعات عبدالغنی شہزاد، عبدالصمد حقیار، مفتی محمد ابوبکر، ڈیجیٹل میڈیا کوارڈینٹر عبدالباری شہزاد، مولانا جمال الدین حقانی، مفتی رشید احمد حقانی اور حاجی عطاء محمد شمشوزئی نے کہا ہے کہ بولان میں حکومتی وزراء  کے پکنک منانے کے لیے امن میسر ہے مگر عوام کو گیس فراہم کرنے والی پائپ لائن کی مرمت کے لیے سیکیورٹی دستیاب نہیں 18 انچ قطر کی متاثرہ گیس پائپ لائن کی مرمت میں غیر معمولی تاخیر اور گیس انتظامیہ کے مسلسل ٹال مٹول سے عوام شدید اذیت اور مشکلات کا شکار ہیں۔ کئی دن گزرنے کے باوجود گیس کی فراہمی بحال نہ ہونا متعلقہ اداروں کی کارکردگی پر سوالیہ نشان ہے۔ انہوں نے کہا کہ گیس پائپ لائن متاثر ہونے کے بعد ایل پی جی کی قیمتوں میں بے تحاشا اضافہ ہوا ہے جس کے باعث یہ غریب عوام کی دسترس سے باہر ہو گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ شدید گرمی میں طویل اور غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ جبکہ سردیوں میں گیس کی بندش نے عوام کی زندگی اجیرن بنا دی ہے۔ موسم کی شدت کے ساتھ بنیادی سہولیات کی قلت کو معمول بنانا حکومتی بے حسی اور انتظامی ناکامی کی واضح علامت ہے۔ عوام جس کرب اذیت اور مشکلات سے دوچار ہیں حکمران طبقہ اس کی سنگینی کا ادراک کرنے اور مسائل کے مستقل حل کے لیے سنجیدہ اقدامات اٹھانے میں ناکام دکھائی دیتا ہے۔انہوں نے کہا کہ صوبائی دارالحکومت کوئٹہ کے عوام زندگی کی بنیادی سہولیات سے محروم ہیں۔ گیس، بجلی، پانی، صفائی، صحت اور تعلیم جیسی بنیادی سہولیات کا فقدان حکومتی کارکردگی کی سنگین ناکامی ہے۔ شدید گرمی میں بجلی کی طویل لوڈشیڈنگ اور سردیوں میں گیس کی عدم دستیابی عوام کے لیے مستقل اذیت بن چکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بنیادی سہولیات کی فراہمی حکومت کی اولین ذمہ داری ہے محض وعدوں اور طفل تسلیوں سے عوام کے مسائل حل نہیں ہوں گے۔ متعلقہ ادارے فوری طور پر متاثرہ گیس پائپ لائن کی مرمت مکمل کرکے گیس کی فراہمی بحال کریں اور عوام کو مزید اذیت سے نجات دلائیں۔ عوام کو مسلسل بنیادی سہولیات سے محروم رکھنا حکومتی بے حسی اور انتظامی ناکامی کا واضح ثبوت ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *