بلوچستان پولیس میں نئِے دور کا آغاز اشفاق احمد کے ایک فیصلے نے پوری فورس کو حیران کر دیا

کوئٹہ(ویب ڈیسک)بلوچستان کانسٹیبلری کے جوانوں کو جسمانی طور پر فٹ، صحت مند اور پیشہ ورانہ فرائض کی انجام دہی کے لیے ہمہ وقت تیار رکھنے کے عزم کے تحت بدر لائن ہیڈ کوارٹر میں فٹنس کلب کا افتتاح کر دیا گیا۔ فٹنس کلب کا افتتاح ایڈیشنل آئی جی پی کمانڈنٹ بلوچستان کانسٹیبلری اشفاق احمد نے کیا۔ اس موقع پر ڈپٹی کمانڈنٹ ڈی آئی جی پولیس محترمہ شہلا قریشی، ایس ایس پی ہیڈ کوارٹر کمال خان کبزئی، ونگ کمانڈرز اور دیگر افسران بھی موجود تھے۔اس موقع پر ڈپٹی کمانڈنٹ ڈی آئی جی پولیس محترمہ شہلا قریشی نے جوانوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بلوچستان کانسٹیبلری کے جوانوں کی جسمانی فٹنس، صحت اور تندرستی ان کی پیشہ ورانہ کارکردگی کا اہم حصہ ہے، اس لیے ان کی فٹنس کو برقرار رکھنے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ فٹنس کلب کے ذریعے جوانوں کی جسمانی استعداد اور فٹنس کو بہتر بنانے کے ساتھ ساتھ انہیں اپنی ذمہ داریاں مزید چوکسی، مستعدی اور پیشہ ورانہ انداز میں انجام دینے کے قابل بنایا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ بلوچستان بھر میں بلوچستان کانسٹیبلری کی مختلف لائنز میں اسپورٹس گراؤنڈز اور فٹنس کلبز کو مزید وسعت دینے اور جدید سہولیات کی فراہمی کے لیے اقدامات کیے جائیں گے تاکہ جوانوں کو صحت مند اور مثبت سرگرمیوں کے لیے بہتر ماحول میسر ہو۔ انہوں نے ہفتہ وار بنیادوں پر کھیلوں کی سرگرمیوں کے انعقاد اور جوانوں کو کھیلوں میں بھرپور حصہ لینے کے مواقع فراہم کرنے کی بھی ہدایت کی۔محترمہ شہلا قریشی نے کہا کہ بلوچستان کانسٹیبلری کے جوانوں کی فلاح و بہبود کے ساتھ ساتھ ان کے بچوں کی تعلیم اور صحت پر بھی خصوصی توجہ دی جائے گی۔ اس سلسلے میں تمام دستیاب وسائل بروئے کار لاتے ہوئے ایسے اقدامات کیے جائیں گے جن سے جوانوں کے بچوں کو تعلیم، صحت اور دیگر بنیادی سہولیات کے حصول میں معاونت حاصل ہو۔انہوں نے لائنز میں صفائی ستھرائی کے معیار کو مزید بہتر بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ جوانوں کی صحت کے معاملے پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ لائنز، میس اور کینٹین میں صفائی ستھرائی، حفظانِ صحت کے اصولوں کی پابندی اور معیاری سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے گا۔ انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ صفائی، خوراک کے معیار، فٹنس اور کھیلوں کی سرگرمیوں کی باقاعدہ نگرانی کی جائے۔اس موقع پر ایڈیشنل آئی جی پی کمانڈنٹ بلوچستان کانسٹیبلری اشفاق احمد نے کہا کہ بلوچستان کانسٹیبلری کے جوان صوبے میں امن و امان کے قیام اور عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے اہم ذمہ داریاں انجام دے رہے ہیں، اس لیے ان کی جسمانی فٹنس اور صحت کو بہتر بنانا ادارے کی ترجیحات میں شامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ جوانوں کو جدید فٹنس اور کھیلوں کی سہولیات کی فراہمی کے لیے عملی اقدامات کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا تاکہ بلوچستان کانسٹیبلری کے جوان ہر قسم کی ڈیوٹی کے لیے جسمانی اور پیشہ ورانہ طور پر مکمل طور پر تیار رہیں۔تقریب کے اختتام پر افسران نے فٹنس کلب کی مختلف سہولیات کا جائزہ لیا اور جوانوں کے لیے فراہم کردہ فٹنس و کھیلوں کی سہولیات کو مزید بہتر بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *