بلوچستان سمیت ملک بھر کے عوامی مسائل کو قومی سطح پر اجاگر کرے گی، مولانا ہدایت الرحمن بلوچ

کوئٹہ(این این آئی)امیر جماعت اسلامی بلوچستان و رکن صوبائی اسمبلی مولانا ہدایت الرحمن بلوچ نے کہا ہے کہ بلوچستان کے سلگتے قومی مسائل، بدامنی،بارڈرزو شاہراہوں کی بندش اور بدعنوانی کے خلاف قومی سیاسی جماعتوں،میڈیااور سول سوسائٹی کو آواز بلند کرنا ہوگی۔ ہم اسلام آباد دھرنے میں بلوچستان کا مقدمہ بھی بھرپور انداز میں پیش کریں گے۔جماعت اسلامی بلوچستان کالانگ مارچ کامرکزی قافلہ آج دن 10بجے ہاکی گراونڈ زرغون روڈکوئٹہ سے روانہ ہوگا۔قیادت میں کرونگا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے کوئٹہ میں مختلف وفود سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے مسائل اور عوام کی مشکلات کو قومی سطح پر اخلاص و نیک نیتی کے ساتھ اجاگر کرنے کی ضرورت ہے۔ بلوچستان کے عوام امن کے لیے ترس رہے ہیں، ہر گھر سے جنازے اٹھ رہے ہیں، نوجوان لاپتہ ہو رہے ہیں اور مسخ شدہ لاشیں مل رہی ہیں، جو انتہائی تشویشناک صورتحال ہے۔ عوام کو امن، روزگار، تعلیم، صحت اور بنیادی سہولیات کی فراہمی یقینی بنانا ریاست اور حکومت کی ذمہ داری ہے۔مولانا ہدایت الرحمن بلوچ نے کہا کہ بلوچستان میں بارڈرز اور شاہراہوں کی بندش سے کاروبار، روزگار اور عام شہریوں کی زندگی شدید متاثر ہورہی ہے۔ عوامی مسائل کو محض بیانات تک محدود رکھنے کے بجائے ان کے مستقل اور قابلِ عمل حل کے لیے سنجیدہ اقدامات کیے جائیں۔ جماعت اسلامی اسلام آباد دھرنے کے ذریعے بلوچستان سمیت ملک بھر کے عوامی مسائل کو قومی سطح پر اجاگر کرے گی۔انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے مختلف اضلاع سے قافلے اسلام آباد دھرنے میں شرکت کے لیے روانہ ہوچکے ہیں، جبکہ آج کوئٹہ اور قریبی اضلاع کا مرکزی قافلہ ان کی قیادت میں روانہ ہوگا۔ دیگر اضلاع کے قافلے کراچی اور سکھر کے راستے اسلام آباد پہنچیں گے۔ انہوں نے کارکنان و ذمہ داران سے کہا کہ وہ مقررہ وقت پر اپنی گاڑیوں کے ہمراہ ایدھی چوک، ریلوے ہاکی گراو¿نڈ، زرغون روڈ کوئٹہ پہنچیں۔مرکزی قافلہ23 ستمبر کو صبح10 بجے روانہ ہوگاجبکہ میڈیا سے گفتگو اور خصوصی خطاب صبح11بجے ہوگا۔ انہوں نے ارکان وذمہ داران سے بروقت شرکت کی درخواست کرتے ہوئے کہا کہ بلوچستان کے عوامی مسائل کو قومی سطح پر اجاگر کرنے میں میڈیا کا کردار اہم ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *