Physical Address
Office NO. 3, Floor 1, Arshad Durrani Building, Alamdar Road.
Quetta, Balochistan | 87300
Physical Address
Office NO. 3, Floor 1, Arshad Durrani Building, Alamdar Road.
Quetta, Balochistan | 87300
کوئٹہ(این این آئی) بلوچستان سرمایہ کاری بورڈ کے وائس چیئرمین بلال خان کاکڑ نے کہا ہے کہ صوبہ بلوچستان اپنے وسیع قدرتی وسائل، جغرافیائی اہمیت، معدنی ذخائر، توانائی، زراعت، لائیو اسٹاک، ماہی گیری، سیاحت اور ساحلی معیشت کی بدولت ملکی و غیر ملکی سرمایہ کاروں کے لیے غیر معمولی مواقع فراہم کرتا ہے۔ وزیر اعلی میر سرفراز بگٹی کی قیادت میں حکومت بلوچستان سرمایہ کاری کے فروغ، کاروبار میں آسانی اور نجی شعبے کے اعتماد کو مستحکم کرنے کے لیے متعدد اصلاحات اور عملی اقدامات کر رہی ہے۔ ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ سرمایہ کاروں کی سہولت کے لیے بزنس فیسیلٹیشن سینٹر (Business Facilitation Center) قائم کیا گیا ہے، جہاں مختلف سرکاری محکموں سے متعلق خدمات ایک ہی جگہ فراہم کی جا رہی ہیں۔ اس مرکز کا مقصد سرمایہ کاروں کو مختلف دفاتر کے چکر لگانے سے بچانا، این او سیز، رجسٹریشن، رہنمائی، قانونی معاونت اور دیگر ضروری سرکاری کارروائیوں کو آسان، شفاف اور تیز رفتار بنانا ہے۔ اس اقدام سے کاروبار شروع کرنے کے عمل میں درپیش غیر ضروری رکاوٹوں میں نمایاں کمی آئے گی اور سرمایہ کاروں کا وقت اور وسائل محفوظ ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کاروبار دوست پالیسیوں، ضابطہ جاتی اصلاحات، ڈیجیٹل سہولیات اور ادارہ جاتی تعاون کے ذریعے صوبے میں سرمایہ کاری کے ماحول کو مزید بہتر بنا رہی ہے۔ اس سلسلے میں سرمایہ کاروں کے مسائل کے فوری حل، بین الادارہ جاتی رابطوں کو مو ¿ثر بنانے اور سرمایہ کاری کے عمل کو زیادہ شفاف اور آسان بنانے پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔ بلال خان کاکڑ نے مزید کہا کہ بلوچستان سرمایہ کاری بورڈ ملکی اور غیر ملکی سرمایہ کاروں، کاروباری اداروں، چیمبرز آف کامرس اور ترقیاتی شراکت داروں کے ساتھ قریبی تعاون کو فروغ دے رہا ہے تاکہ سرمایہ کاری کے نئے مواقع پیدا کیے جا سکیں اور بلوچستان کو خطے کی ایک اہم سرمایہ کاری کی منزل بنایا جا سکے۔ انہوں نے سرمایہ کاروں اور کاروباری برادری کو دعوت دی کہ وہ بلوچستان میں دستیاب مواقع سے فائدہ اٹھائیں اور بلوچستان سرمایہ کاری بورڈ سے رابطہ کر کے سرکاری سہولیات، رہنمائی اور معاونت حاصل کریں۔