بلور خاندان نے صوبہ خیبر پختونخوا کی ترقی، عوامی خدمت اور جمہوری اقدار کے فروغ میں ہمیشہ نمایاں کردار ادا کیا ہے، اس خاندان نے جمہوریت کے استحکام، عوامی نمائندگی اور قومی یکجہتی کے لیے گراں قدر خدمات انجام دی،ڈپٹی چیئرمین سینٹ سیدال خان ناصر

اسلام آباد(این این آئی)ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سیدال خان ناصر نے سینیٹر حاجی ہدایت اللہ خان کے ہمراہ عوامی نیشنل پارٹی کے سینئر رہنما اور سابق وفاقی وزیر ریلوے حاجی غلام احمد بلور سے ان کی اسلام آباد میں واقع رہائش گاہ پر ملاقات کی۔ملاقات کے دوران ملک کی مجموعی سیاسی، معاشی اور معاشرتی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ ڈپٹی چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ موجودہ حالات میں قومی اتحاد، سیاسی ہم آہنگی اور باہمی تعاون وقت کی اہم ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ تمام سیاسی قوتوں کو ذاتی اور جماعتی مفادات سے بالاتر ہو کر ملک کی ترقی، خوشحالی اور عوامی مسائل کے حل کے لیے مشترکہ کردار ادا کرنا ہوگا۔ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سیدال خان ناصر نے بلور خاندان کی قومی، عوامی اور جمہوری خدمات کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ بلور خاندان نے صوبہ خیبر پختونخوا کی ترقی، عوامی خدمت اور جمہوری اقدار کے فروغ میں ہمیشہ نمایاں کردار ادا کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس خاندان نے جمہوریت کے استحکام، عوامی نمائندگی اور قومی یکجہتی کے لیے گراں قدر خدمات انجام دی ہیں، جنہیں ہمیشہ قدر کی نگاہ سے دیکھا جائے گا۔انہوں نے مزید کہا کہ بلور خاندان کی عوامی خدمات، سیاسی بصیرت اور عوامی فلاح کے لیے کاوشیں قابلِ ستائش ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس خاندان نے اپنی بہتر کاروباری حکمتِ عملی کے ذریعے ہزاروں افراد کے لیے روزگار کے مواقع بھی پیدا کیے، جو قومی معیشت اور معاشرتی ترقی میں ایک اہم خدمت ہے۔اس موقع پر عوامی نیشنل پارٹی کے سینئر رہنما اور سابق وفاقی وزیر ریلوے حاجی غلام احمد بلور نے ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سیدال خان ناصر کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ایوانِ بالا میں ان کی خدمات قابلِ قدر ہیں اور وہ اپنے صوبے اور عوام کی مؤثر آواز بن کر ان کے مسائل اجاگر کر رہے ہیں۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ ڈپٹی چیئرمین سینیٹ مستقبل میں بھی ملک، جمہوریت اور عوام کی خدمت کے لیے اپنا مؤثر کردار جاری رکھیں گے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *