بانی پی ٹی آئی کی اسپتال منتقلی کے فیصلے کی مخالفت نہیں کریں گے، عدالتی حکم کی نفی نہیں ہوگی، خواجہ آصف

اسلام آباد(ویب ڈیسک)وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی کی اسپتال منتقلی سے متعلق عدالتی فیصلے کو وہ تاریخی تناظر میں دیکھتے ہیں،حکومت عدالتی فیصلے میں رکاوٹ ڈالنے کا کوئی ارادہ نہیں رکھتی اور ایسا کوئی اقدام نہیں کیا جائے گا جس سے عدالتی حکم کی نفی ہو، وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت میں حکومت اچھی چل رہی ہے اور نہ سسٹم کولیپس کررہا ہے، نہ حکومت کہیں جارہی ہے، ،پیپلز پارٹی کوئی خطرہ نہیں، حکومت کے پاس اکثریت موجود ہے۔نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے خواجہ آصف نے کہا کہ عدالتی فیصلے پر حکومتی ردعمل کے حوالے سے تبصرے سے گریز کریں گے تاہم حکومت کوئی ایسی بات نہیں کرے گی جس سے عدالت کے احترام کی نفی ہو۔ انہوںنے کہاکہ قانونی راستے موجود ہوں تو انہیں اختیار کیا جاتا ہے۔وزیر دفاع نے بانی پی ٹی آئی کے دور حکومت کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ آج سے پانچ، سات سال پہلے کی صورتحال بھی دیکھنی چاہیے کہ جب بانی پی ٹی آئی حکومت میں تھے تو کیا حالات تھے۔ ان کے مطابق اس دور میں نواز شریف خاندان سمیت قید میں تھے۔خواجہ آصف نے کہا کہ ملک کی سیاسی تاریخ میں سیاسی رہنماﺅں کے ساتھ زیادتیاں ہوتی رہی ہیں، تاہم بانی پی ٹی آئی نے اپنی تقریروں میں جس انداز سے سیاسی مخالفین کا مذاق اڑایا، اس کی مثال نہیں ملتی۔حکومت کو درپیش خطرے سے متعلق سوال پر خواجہ آصف نے کہا کہ ایسے بیانات مناسب نہیں اور انہیں کوئی ایسی چیز نظر نہیں آرہی جس سے کہا جائے کہ حکومت خطرے میں ہے۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت میں حکومت اچھی چل رہی ہے اور نہ سسٹم کولیپس کررہا ہے اور نہ حکومت کہیں جارہی ہے،حکومت اپنی مدت پوری کرے گی اور وزیراعظم شہباز شریف بھی اپنی مدت پوری کریں گے۔خواجہ آصف نے کہا کہ جب شہباز شریف نے حکومت سنبھالی تو وہ ملکی تاریخ کا تاریک ترین دور تھا، تاہم اب آگے حالات بہتر ہونے کے امکانات نظر آتے ہیں۔انہوںنے کہاکہ یہ کہنا بھی درست نہیں کہ ملکی حالات بالکل درست ہوگئے ہیں، مشکلات اب بھی موجود ہیں، لیکن صورتحال میں بہتری کے امکانات پیدا ہوئے ہیں۔وزیر دفاع نے کہا کہ حکومت کے لیے پیپلز پارٹی کوئی خطرہ نہیں،اگر پیپلز پارٹی مخالفت کا ارادہ رکھتی ہے تو حکومت کے پاس اکثریت موجود ہے۔انہوں نے کہا کہ جب حکومت کے پاس اکثریت ہے تو یہ سمجھ نہیں آتی کہ خطرہ کس طرح کا ہے۔خواجہ آصف نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کی آنکھ تقریباً مکمل طور پر ٹھیک ہوچکی ہے اور آنکھ کا علاج بھی درست طریقے سے ہوا ہے۔انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کی صحت 74سالہ شخص کے حساب سے قابل رشک ہے۔ ان کے مطابق بانی پی ٹی آئی کو بلڈ پریشر کی شکایت ہے، تاہم جیل میں رہنے کی وجہ سے بھی ایسا ہوسکتا ہے۔وزیر دفاع نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی مکمل طور پر صحت یاب ہیں اور اگر مزید کوئی مسئلہ سامنے آیا تو اس کی تشخیص کرکے علاج کیا جائے گا۔ انہوں نے کہاکہ اللہ تعالی بانی پی ٹی آئی کی صحت قائم و دائم رکھے۔بانی پی ٹی آئی کے بیرون ملک جانے سے متعلق سوال پر خواجہ آصف نے پیشگوئی سے گریز کیا۔ انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی بیرون ملک جائیں گے یا دوبارہ جیل واپس جائیں گے، اس کا فیصلہ عدالتوں پر چھوڑتے ہیں۔ان کے مطابق عدالتیں فیصلہ کرنے میں بالکل آزاد ہیں اور آئندہ کی صورتحال کا فیصلہ بھی عدالتیں ہی کریں گی۔سیاسی معاملات میں مبینہ بیک ڈور رابطوں کے حوالے سے خواجہ آصف نے کہا کہ انہیں اس بارے میں معلوم نہیں اور نہ ہی انہوں نے کبھی بیک ڈور استعمال کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ جو بھی بات ہوتی ہے وہ واضح الفاظ میں کرتے ہیں، انہیں بیک ڈور یا بیک چینل کا علم نہیں۔وزیر دفاع نے پنجاب میں وزیراعلیٰ مریم نواز کی کارکردگی کو بھی سراہااورکہاکہ پنجاب میں لوگ مریم نواز کی کارکردگی کی تعریف کررہے ہیں۔خواجہ آصف نے کہا کہ شہباز شریف اور مریم نواز کی ٹیم اچھا پرفارم کررہی ہے، جبکہ حکومت کے خطرے میں ہونے سے متعلق بعض بیانات میں سیاسی دانش مندی نظر نہیں آتی۔خواجہ آصف نے واضح کیا کہ حکومت عدالتی احکامات کا احترام کرے گی، حکومت کو کسی فوری خطرے کا سامنا نہیں اور ان کے بقول شہباز شریف کی حکومت اپنی آئینی مدت پوری کرے گی۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *